Muttan Dhansak

دھنسک بنانے کا طریقہ

EjazNews

دھنسک مشہور پارسی ڈش ہے۔پارسیوں میں یہ ڈش بہت مشہور ہے ،اس میں گوشت کے ساتھ مختلف سبزیاں اور دالیں بھی استعمال ہوتی ہیں ۔ دال ،سبزی اور گوشت سے بنی یہ ڈش آپ کے کھانے کے لطف کو دوبالا کرنے کیلئے بہت اہم ہے۔ اس میں مصالحہ جات زیادہ استعمال ہوتے ہیں اس لیے پریشان نہ ہوئیے گا یہ مصالحہ جات جسمانی صحت کیلئے نقصان دہ نہیں ہیں۔تو دھنسک بنانے کیلئے آپ کو چاہئے۔ ایک چائے کا چمچ ثابت دھنیا، دو کھانے کے چمچ کٹی لا ل مرچ، 15عدد ثابت کالی مرچ کے دانے، ایک عدد بادیان، 6 عدد لونگ،ایک چائے کا چمچ زیرہ، ایک کھانے کا چمچ خشک میتھی، ایک چوتھائی کپ ماش کی دال، ایک چوتھائی کپ مسور کی دال، آدا کپ دال مونگ، ایک چوتھائی کپ دال چنا، آدھا کلو مٹن(بیف یا چکن یہ آپ کی مرضی پر منحصر ہے)، ہاف پیالی پیاز، ایک کھانے کا چمچ ادرک پیسٹ ، ایک کھانے کا چمچ لہسن پیسٹ، ایک چھوٹا بینگن، ایک چھوٹا کدو، دو عدد آلو، ایک چائے کا کپ میتھی کے پتے، کٹے ہوئے ٹماٹر آدھی پیالی، دو عدد کڑی پتے، دو کھانے کے چمچ پودینے کے پتے، چار عددسبز مرچیں، آدھا چائے کا چم ہلدی پاؤڈر، ایک چائے کا چمچ لال مرچ پاؤڈر، ایک کھانے کا چمچ مکھن کا ، آدھا کپ تیل ، پانی حسب ضرور اور نمک حسب ذائقہ
دھنسک مصالحہ ترکیب:
ایک پین میں ثابت دھنیا، ثابت کالی مر چ، بادیان، الائچی، لونگ، زیرہ اور میتھی کے پتے ڈال کربھون لیں۔ اب ان تمام اجزاء کو اچھی طرح گرینڈ کر لیں اور اس میں کٹی لال مرچ ڈال دیں۔
دھنسک ترکیب:
ایک باؤل میں دال ماش، دال مسور، دال مونگ اور دال چنا ڈال کر پانی میں چار سے پانچ گھنٹے کے لئے بھگو کر رکھ دیں۔ ایک بڑ ے پین میں کھانے کا تیل گرم کر کے اس میں لونگ اور پیاز ڈال کر بھون لیں۔ اب اس میں ادرک لہسن پیسٹ اور پسے ہوئے ٹماٹر ڈال کر دو سے تین منٹ کے لئے پکائیں۔ پھر اس میں مٹن ڈال کر پانچ سے چھ منٹ کے لئے پکائیں۔ اب اس میں سبز مرچیں، ہلدی اور لا ل مرچ پاؤڈر ڈال کر اچھی طرح مکس کریں۔
اس کے بعد حسب ضرورت پانی ڈال کر مٹن کو ہلکی آنچ پرآدھا پونا گھنٹہ تک دم پر رکھ دیں۔ جب مٹن اچھی طرح گل جائے تو مٹن کو پین سے نکال کر سائیڈ پر رکھ دیں۔ اب اس یخنی میں بھگوئی ہوئی دالیں ڈالیں اور اچھی طرح مکس کرلیں۔ پھر اس میں کدو، آلو، بینگن اور نمک ڈال کر تین سے چار منٹ کے لئے پکائیں۔ اب اس میں پانی ڈال کر ڈھکن سے ڈھانپ دیں اور 10سے 15 منٹ کے لئے پکنے دیں یا دالیں اور سبزیاں گلنے تک پکائیں۔ پھر اس میں میتھی اور پودینے کے پتے ڈال کر اچھی طرح مکس کرلیں۔ اب اسے ڈھکن سے ڈھانپ کر 10منٹ اور پکائیں۔ اب چولہا بند کر کے تمام دالیں اور سبزیاں اچھی طرح میش کر لیں اور پھر چولہا جلا کر اس میں مکس کریں۔ اب اس میں پکا ہوا مٹن ڈال کر اچھی طرح پکائیں۔ پھر اس پر پگھلا ہوا مکھن ڈالیں ۔
مزے سے دھنسک نوش کر یں۔ اگر آپ چاولوں کی شوقین ہیں تو یہ ڈش آپ کے کھانے کے مزے کو مزید دوبالا کر سکتی ہے بس چاول ابلے ہوئے ہونے چاہئے۔

یہ بھی پڑھیں:  قیمہ پودینہ ڈونٹس

اپنا تبصرہ بھیجیں