Mohsin-Abbas-Haiders

ہم میاں بیوی 4سال کی شادی میں ایک سال ساتھ رہے،اب 6 ماہ سے علیحدگی ہوچکی ہے:محسن عباس

EjazNews

محسن عباس بطور اداکار اور مشہور ٹی وی پروگرام مذاق رات میں بطور ڈی جے پرفارم کرتے ہیں ۔محسن عباس حیدر پچھلے دفعہ خبروں میں منظر عام پر آئے اس وقت آئے تھے جب انہوں نے ایک پوسٹ شیئر کی تھی کہ میں ڈپریشن کی وجہ سے خودکشی کرنا چاہتا ہوں۔ ساتھی فنکاروں اور چاہنے والوں کی حوصلہ افزائی کے بعد انہوں نے شکریہ کی بھی ایک پوسٹ شیئر کی تھی۔ جس میں انہوںنے لکھا تھا ہم سب کو محبت اور امن کی ضرورت ہے، اپنی زندگی میں زہر گھولنے والے افراد سے چھٹکارا حاصل کریں۔
اب ایک مرتبہ پھرمحسن عباس خبروں کی زینت بنے ہوئے ہیں لیکن اس دفعہ وہ کسی اچھی نظریہ کے ساتھ سامنے نہیں آئے بلکہ برے طریقے سے منظر پر سامنے آئے ہیں۔ محسن عباس کی اہلیہ فاطمہ سہیل نے شوہر پر تشدد اور بےوفائی کا الزام عائد کرتے ہوئے اپنی زخموں والی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کی تھیں۔جس کا پورے سوشل میڈیا ، پرنٹ میڈیا اور الیکٹرانک میڈیا پر چرچا ہورہا ہے۔ اسی دوران اپنا موقف دینے کیلئے محسن نے پریس کانفرنس کی جس میں وہ کہتے ہیں میں ایسے گھرانے سے تعلق رکھتا ہوں جہاں خواتین کی عزت کی جاتی ہے۔اپنی اہلیہ کے الزامات سے متعلق کہا کہ شادی کے چند ماہ بعد ہم دونوں کو احساس ہوگیا تھا یہ شادی نہیں ہونی چاہیے تھی، شادی کے چند روز بعد ہی ان کے جھوٹ سامنے آنے لگے تھے، ایسے جھوٹ بھی سامنے آئے وہ مجھے کہیں کا بتا کر کہیں اور چلی جاتی تھیں۔

محسن کی اہلیہ کی جانب سے سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی تصویر

محسن عباس نے دعویٰ کیا کہ فاطمہ سہیل کے والد بھی اس کے گواہ ہیں اور وہ اپنی بیٹی کا جھوٹ پکڑے جانے پر مجھے کہتے کہ بیٹا ایک گناہ تو خدا بھی معاف کردیتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ فاطمہ کو غلط بیانی کرنے اور جھوٹ بولنے کی عادت تھی، میں نے کبھی اپنی ذاتی زندگی کو میڈیا پر نہیں اچھالا، ان کی طرف سے اکثر یہ حرکتیں ہوتی رہتی تھیں۔محسن عباس نے کہا کہ 4 سال کی شادی میں ہم میاں بیوی ایک سال ہی ساتھ رہے ہیں اور اب ہمارے درمیان تقریباً 6 ماہ سے علیحدگی ہوچکی ہے۔
پیسے مانگنے سے متعلق سوال پر ان کا کہنا ہے کہ انھوں نے الزام لگایا کہ میں نے ان کو اپنے باپ سے ایک کروڑ لانے کی دھمکی دی، میں نے آج تک کاروبار نہیں کیا،تو پھر میں کاروبار کے لیے پیسے کیوں مانگوں گا؟ اگر انہوں نے مجھے 50 لاکھ روپے دئیے تھے تو اس کا کوئی ثبوت ہوگا۔
اداکار کے مطابق انہوں نے الزام لگایا ہے کہ میں اپنے بیٹے کی ذمہ داریوں سے بھاگ رہا ہوں، ایسا نہیں ہے کیونکہ بچے کی پیدائش پر ہسپتال کے تمام اخراجات میں نے ادا کیے جس کے بل بھی میرے پاس ہیں، میں علیحدگی کے بعد فاطمہ کو اور بچوں کے لیے ماہانہ خرچہ دیتا ہوں۔
محسن عباس کا کہنا تھا کہ فاطمہ نے جو تصاویر شیئر کی ہیں وہ 2018 کی ہیں اور یہ تصاویر سیڑھیوں سے پھسل کر گرنے کے بعد کی ہیں، جہاں انہوں درخواست دی ہے وہ تھانہ ان کو بلا رہا ہے لیکن وہ وہاں پیش نہیں ہورہیں، میں تھانے سے ہوکر آرہا ہوں اور اپنا بیان ریکارڈ کرالیا ہے۔انہوں نے کہا کہ شادی کے 4 سالوں میں سے 3 سال میں نے سارے مسائل کا خود سامنا کیا لیکن میں نے اپنی فیملی سے بات کرکے دوسری شادی کا فیصلہ کیا اور جب میں نے یہ بات فاطمہ سہیل سے کی تو وہ بھڑک گئیں۔

محسن عباس لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران قرآن مجید پر ہاتھ رکھ کر اپنی سچائی بیان کر رہے ہیں

محسن عباس کا کہنا ہے کہ میرا سوشل میڈیا اکاؤنٹ ہیک کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، میرے فیس بک اکاو¿نٹ سے جو کچھ بھی ہورہا ہے وہ میں نہیں کررہا، فاطمہ سہیل گزشتہ 6 ماہ سے اپنی والدہ کے گھر ہیں، بچے کی پیدائش کے بعد میں نے طلاق دینے کا فیصلہ واپس لے لیا لیکن اب ساتھ رہنے کا کوئی جواز نہیں بچا اور طلاق ہی آخری حل نظر آتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:  نواز الدین صدیق کی بہن بریسٹ کینسر سے جان کی بازی ہار گئیں

اپنا تبصرہ بھیجیں