imran khan

ہمارے 80فیصد لوگوں کے پاس ائیرکنڈیشن نہیں، اور یہ لوگ جیل میں ائیرکنڈیشن اور ٹی وی مانگ رہے ہیں:وزیراعظم عمران خان

EjazNews

وزیراعظم عمران خان نے راولپنڈی میں سرسید ایکسپریس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریلوے میں 36 ارب کا خسارہ تھا، تیل کی قیمت اوپر جانے اور روپے کی قدر کم ہونے کے باوجود 36 ارب سے خسارہ 32 ارب پر لے آئے، ابھی صرف 10 ماہ ہوئے ہیں، ملک کا ایک ایک ادارہ ریکارڈ خسارے میں تھا، اس کے پیچھے کرپشن تھی، ایک ملک وسائل کی کمی سے غریب نہیں ہوتا بلکہ کرپشن کی وجہ سے ہوتا ہے، ہندوستان میں ریل چل رہی ہے اور اربوں کا نفع ہے لیکن ہمارے ملک میں یہ خسارے میں ہے۔ شیخ رشید جس طرح ریلوے کو ٹھیک کرنے کی کوشش کررہے ہیں، سارا پاکستان ان کو دعائیں دے گا، ریلوے عام آدمی کا سفر ہے، مہذب معاشروں میں ریلوے پر زور دیا جاتا ہے، ریلوے سب سے آسان اور بہترین طریقہ ہے۔اب کراچی سے لاہور ٹرین 8گھنٹوں میں پہنچے گی جبکہ چین میں یہی سفر 3گھنٹوں میں طے ہوتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ریلوے کے ٹھیک ہونے سے سڑکوں پر بوجھ کم ہو گا اور عام آدمی کیلئے سفر کرنا بھی آسان ہوگا۔
ان کا کہنا تھا ملک ایک مشکل سے گزررہا ہے اس کے پیچھے کیا ہے، 10 سال میں 2 حکومتیں قرض کو 6 ہزار ارب سے 30 ہزار ارب پر لے گئیں، یہ کیسے ممکن ہے، کوئی بتائے کہ 60 سالہ تاریخ میں قرضہ 6 ہزار ارب ہو اور 10 سال میں 30 ہزار ارب پر لے گئے۔دونوں گھر شریفوں اور زرداری کی دولت دیکھیں، 10 سال میں یہ کتنے امیر تھے، پہلے ہی پیسہ چوری کیا تھا، 10 سالوں میں دونوں خاندانوں میں بچوں کے بچے بھی اربوں پتی بن گئے اور قوم مقروض ہوگئی، یہ شور کرتے ہیں کہ عمران خان انتقامی کارروائی کررہا ہے، انتقامی کارروائی تو میرے خلاف ہوئی تھی، جب میں نے پاناما کی بات کی تو میرے اوپر سپریم کورٹ میں 2 کیسز ہوئے اور 32 مقدمات بنائے، 6 کیس الیکشن کمیشن میں کیے، یہ صرف اس لیے کہ میں پاناما کے اربوں روپے کا جواب مانگ رہا تھا، اس کو انتقامی کاروائی کہتے ہیں۔ ان سے جواب لوں گا، جتنا مرضی شور کرنا ہے جو مرضی کریں، میں نے قوم سے وعدہ کیا تھا، جنہوں نے ملک کو کنگال کیا اور لوگوں پرمشکلات ڈالیں ان سے جواب لوں گا، یہ جو مرضی کریں مجھے کوئی فرق نہیں پڑے گا، جس بادشاہ سے سفارش کرائیں ان کے گھٹنے دبائیں، میں نے جواب لینا ہے، کوئی این آر او کی چھوٹ نہیں دوں گا۔زرداری اور نوزشریف کے کیسز پرانے ہیں، ہم نے کیسز شروع نہیں کیے، انہوں نے مجھ پر کیس کیے، جمہوریت میں لیڈر جواب دہ ہوتا ہے، میں لندن نہیں بھاگ گیا تھا، میں نے 10 ماہ جواب دیا، سپریم کورٹ میں ایک ایک چیز کا جواب دیا جس سے میں صادق اور امین ثابت ہوا، میں نے رونا دھونا نہیں کیا، ان کی طرح جلسے جلوس نہیں کیے، عدالت میں اپنا جواب دیا۔
انہوں نے کہا ہے نیا پاکستان بننا شروع ہوگیا ہے، کبھی بھی اتنے بڑے ڈاکوؤں پر کسی نے ہاتھ نہیں ڈالا تھا، کبھی ایسے لوگوں کا احتساب نہیں ہوا تھا، جیلوں میں غریب لوگ ملتے ہیں، جو لوگ چوری کرکے پیسہ لے گئے وہ وی آئی پی جیل مانگتے ہیں، ہمارے 80فیصد لوگوں کے پاس ائیرکنڈیشن نہیں، ادھر یہ لوگ جیل میں ائیرکنڈیشن اور ٹی وی مانگ رہے ہیں۔مجھے پتا ہے قوم کو کن مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے، چوری یہ کریں، ارب پتی یہ بنیں، سب کی باہر پراپرٹی ہے، شہباز شریف نے اسمبلی میں کہا روپیہ کتنا گرگیا اور ڈالر اوپر گیا، شہبازشریف کا خاندان اور زرداری کا خاندان چوری کا آدھا پیسہ بھی واپس لے آئیں تو روپیہ اوپر چلا جائے گا اور ڈالر نیچے آئے گا۔نیا پاکستان ایک پاکستان ہوگا، ہم نے قانون سب کے لیے ایک لانا ہے، طاقتور اور کمزور کو ایک طرح رکھنا ہے، جیل میں بڑے اور چھوٹے ڈاکو سے ایک طرح کا سلوک ہوگا، ہم نے ملک میں عام آدمی کی زندگی بہتر کرنا ہے، اب تک خاص طبقے کی زندگی بہتر ہوئی، عام آدمی پسا ہے، تعلیم انگلش میڈیم اور پیسے والوں کے لیے ہے، ملک کا آج دیوالیہ غریبوں نے نہیں ان تھوڑے سے لوگوں نے نکالا جو آج انتقامی کارروائی کو بول کر بھاگے پھررہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:  ڈاکٹروں نے نواز شریف کی صحت کو تشویشناک قرار دے دیا

اپنا تبصرہ بھیجیں