Umer_Sharif

عمر شریف کی امریکہ روانگی، ریما اپنے شوہر کی مشکور

EjazNews

ڈاکٹر طارق شہاب نے امریکا میں عمر شریف کے علاج کے لیے انتظامات کر رکھے ہیں، جس کی تصدیق خود اداکار کی اہلیہ زرین غزل نے بھی کی ہے۔

لیجنڈری اداکار کے علاج کے لیے کردار ادا کرنے پر ریما خان نے اپنے شوہر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے فیس بک اور انسٹاگرام پر ان کی تعریف کے لیے پوسٹ بھی شیئر کی۔

اداکارہ نے لکھا کہ ان کے شوہر طارق شہاب نے عمر شریف کے علاج کے لیے ہائی رسک پروسیجر کی حامی بھری۔

ریما خان نے اس بات پر فخر اور شکر کا اظہار کیا کہ ان کے شوہر عمر شریف کے اہل خانہ کے ساتھ اداکار کے علاج کے لیے بھرپور تعاون کر رہے ہیں۔

گزشتہ ہفتے عمر شریف نے وزیر اعظم عمران خان سے بیرون ملک علاج کے لیے مدد مانگتے ہوئے بتایا تھا کہ ان کا علاج امریکا، جرمنی اور سعودی عرب میں ہوسکتا ہے، اس لیے انہیں باہر بھیجنے میں ان کی مدد کی جائے۔

یہ بھی پڑھیں:  امریکی ریاست ورجینیا میں ماضی کی معروف اداکارہ صبیحہ خانم انتقال کرگئیں

عمر شریف کی اپیل کے بعد وزیر اعظم کی ہدایات پر وفاقی حکومت نے میڈیکل بورڈ تشکیل دیا تھا اور 13 ستمبر کو اداکار کی اہلیہ زرین غزل نے بتایا تھا کہ ان کے شوہر کے بیرون ملک علاج کے انتظامات تقریبا مکمل ہو چکے ہیں۔

زرین غزل نے بتایا تھا کہ وفاقی حکومت جلد ہی انہیں ویزے فراہم کردے گی جس کے بعد سندھ حکومت انہیں امریکا منتقل ہونے کے لیے ایئر ایمبولینس فراہم کرے گی اور عمر شریف دو سے 3 دن علاج کے لیے روانہ ہوں گے۔

عمر شریف گزشتہ ایک ماہ سے علیل ہیں اور وہ کراچی کے آغا خان ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔

دوسری جانب ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کی گئی ٹوئٹ میں عمر شریف کے ویزا کے اجرا سے متعلق بتایا۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ یہ بتاتے ہوئے خوشی ہورہی ہے کہ عمر شریف کا ویزا جاری کردیا گیا، معاونت پر امریکی قونصل خانے کی ٹیم کے مشکور ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:  اشنا شاہ کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا،کیا ویکسین لگوائی تھی؟

مرتضیٰ وہاب نے مزید کہا کہ آئیں ہم سب مل کر برصغیر کے بہترین کامیڈین، عمر شریف کی صحت یابی کے لیے دعا کریں۔

انڈیا کے معروف کامیڈین جانی لیور نے ایک ویڈیو بھی جاری کی ہے۔ جس میں وہ عمر شریف کی صحت کیلئے دعا گو ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں