Fawad_Ch_Cabenat

ہیوی کمرشل وہیکل پر بھی اے سی ڈی کی شرح 7 فیصد سے کم کرکے 2 فیصد کردی جائے:وزیراطلاعات

EjazNews

ہفتہ وار وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد وزیراطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا ہے کہ کابینہ نے چیئرمین سینیٹ، سپیکر قومی اسمبلی، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ، ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی اور ممبران پارلیمنٹ کی بنیادی تنخواہوں میں 10 فیصد ایڈ ہاک ریلیف الاؤنس کی تجویز مسترد کردی ہے۔ یہ اس سادگی مہم کا حصہ ہے جسے وزیر اعظم عمران خان نے حکومت میں آنے کے پہلے روز سے ہی نافذ کردیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ آٹو سیکٹر میں مقامی پیداوار کو فروغ اور موجودہ ٹیرف نظام میں پیش آنے والی دشواریوں کو دور کرنے کے لیے ٹیرف پالیسی بورڈ کی سفارشات پر ایس آر او جاری کرتے ہوئے ایڈیشنل کسٹم ڈیوٹی (اے سی ڈی) کی شرح 7 فیصد سے کم کرکے 2 فیصد کردی جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس کے ساتھ ہیوی کمرشل وہیکل پر بھی اے سی ڈی کی شرح 7 فیصد سے کم کرکے 2 فیصد کردی جائے۔

وفاقی وزیر کے مطابق قائد اعظم فاؤنڈیشن ایکٹ 2021 کے مجوزہ مسودے کی کابینہ نے منظوری دی گئی ہے، کورونا صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے ویئر ہاؤس میں موجود اشیا پر 30 ستمبر تک سامان اٹھانے پر سرچارج نہ لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ کابینہ نے دیامیر بھاشا ڈویلپمنٹ کمپنی کی تنظیم نو کی منظوری دی ہے، اس میں وزیر اعظم کے دفتر کی جگہ وزارت منصوبہ بندی کے نمائندے کو شامل کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:  بس یہی کام رہ گیا تھا شاعر مشرق کے ساتھ ہونا

ان کا کہنا تھا کہ کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کے اجلاس میں اسٹیل مل کے حوالے سے کیے گئے فیصلے میں ترمیم کی اجازت دی گئی ہے۔
وفاق وزیر کا کہنا تھا کہ ادارہ جاتی اصلاحات کے 2اگست 2021اور 2 ستمبر 2021 کے اجلاس میں فیصلوں کی توثیق کی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 9 ستمبر 2021 کے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں میں توثیق کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ‘وزیر اعظم نے اس پر واضح احکامات کے باوجود تاخیر پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے صوبوں کو ہدایت کی ہے کہ فوری طور پر گندم کے اجرا کے لیے اقدامات کرے۔

انہوں نے کہا کہ جلد گندم اور آٹے کی قیمت میں بتدریج کمی آئے گی۔

ان کا کہناتھا کابینہ نے پاکستان اور کرغزستان کے درمیان پروازوں کے لیے پی آئی اے اور کرغزستان کی کمپنی کو اجازت دی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ایس او اور پاک ایل این جی کی جانب سے ایل این جی کی درآمد میں پیپرا قوانین کے مطابق دی گئی مدت میں کمی کی منظوری دی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:  اپنے ملک کا دفاع کرنا افغان فوج کی ذمہ داری ہے، امریکا کا فوجی مشن 31اگست کو مکمل طور پر ختم ہو جائے گا:جو بائیڈن

وزیراطلاعات نے بتایا کہ حکومت ایک ڈیٹا پروٹیکشن کمپنی کی خدمات حاصل کر رہی ہے جو ایف بی آر کے ڈیٹا کی سکیورٹی کو بہتر بنائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے وزیر امین الحق نے کابینہ کو بتایا کہ رواں سال پاکستان کی ویب سائٹس پر دس لاکھ سائبر حملے ہوئے ہیں جبکہ اس سے قبل بین الاقوامی اخبار نے رپورٹ کیا تھا کہ بھارت نے اسرائیلی کمپنی کے ساتھ مل کر پاکستان کے اہم موبائل فونز کے واٹس ایپ اکاؤنٹ ہیک کرنے کی کوشش کی تھی۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ کابینہ نے پی ٹی اے کو ہدایت کی ہے کہ ملک میں ٹیلی کام سروس کو بہتر بنایا جائے۔

فوجداری نظام میں اصلاحات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے وزارت قانون کی جانب سے اجلاس میں تفصیلی بریفنگ دی گئی ہے جس میں بتایا گیا کہ کرمنل اصلاحات آئندہ دو سالوں میں بہت اہم حیثیت رکھیں گی۔

یہ بھی پڑھیں:  حکومت بجلی کے ٹیرف میں مزید اضافہ نہیں کرے گی:شوکت ترین

ان کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت کا کرمنل قوانین میں اصلاحات، موجودہ امور میں بہت بڑی تبدیلی لائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اس میں ٹرائلز میں تاخیر، انصاف میں تاخیر، ایف آئی آر کے اندراج وغیرہ جیسے معاملات کا احاطہ کیا گیا ہے، اب اس پر کابینہ کمیٹی برائے قانون میں بحث کی جائے گی اور پھر اسے نافذ کردیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں