Bilawal_Bhutto_Zardari

پیپلزپارٹی کے جانے کے بعد عوام لاوارث ہوگئے ہیں:بلاول بھٹوزرداری

EjazNews

ڈیر غازی خان میں منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی پی بلاول بھٹو نے کہا کہ ملک کا ہر شہری اس وقت تکلیف میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ سب پریشان ہیں کہ یہ کون سے نیا پاکستان ہے جہاں تاریخی مہنگائی، غربت اور بیروزگاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ قائد عوام کے دور میں کسان کو زمین کا مالک بنا دیا گیا تھا اور لوگوں کو روزگار ملتا تھا لیکن اب ہم پر نیا پاکستان مسلط کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے دور میں کسان خوشحال تھا، ملکی معیشت ترقی کررہی تھی اور ہم نے گندم برآمد کرنا شروع کردی تھی۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے جانے کے بعد عوام لاوارث ہوگئے ہیں اور کوئی عوام کے لیے بولتا بھی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے جدوجہد میں عوام کی مدد کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس علاقے سے ہمارا تین نسل پرانا رشتہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں:  عزت سے انہیں تاج پہنانا جس پر لکھا ہو کشمیر فروش:مریم نواز

چیئرمین پی پی بلاول بھٹو نے کہا کہ عوام کے حقوق سلب کیے جا رہے ہیں اور عمران خان عوام سے روزگار، روٹی، کپڑا اور مکان بھی چھین رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امیروں کو سپورٹ کرنے سے معیشت کو فائدہ نہیں ہوتا ہے لیکن عام آدمی کو سپورٹ کرنے سے معیشت ترقی کرتی ہے۔

بلاول بھٹو نے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کارکن تیاری کریں، آنے والی حکومت پیپلزپارٹی کی ہو گی، وزیراعظم اور وزیراعلیٰ جیالا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ سرائیکی عوام کے لیے وسیب بنا کر رہوں گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں