baber_azam1

پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 109رنز سے ہرادیا

EjazNews

کنگسٹن میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ کے آخری روز پاکستان کی جانب سے دیے گئے 329 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز نے کھیل شروع کیا تو سکور ایک وکٹ پر 49 رنز تھا۔

شاہین شاہ آفریدی نے پاکستان کو پہلی وکٹ دلاتے ہوئے الزاری جوزف کو 17 رنز کی انفرادی اننگز پر آوٹ کردیا، جس کے بعد حسن علی نے بونر کو 2 رنز بنانے کے بعد پویلین بھیج دیا۔

ویسٹ انڈیز کا سکور جب 73 رنز پر پہنچا تھا تو حسن علی نے نئے آنے والے بلے باز روسٹن چیز کی وکٹیں اڑا دیں اور انہیں کھاتہ کھولنے کی بھی اجازت نہیں دی۔

جرمین بلیک ووڈ نے کپتان کریگ بریتھویٹ کے ساتھ مل کر ٹیم کے 100 رنز مکمل کیے۔

نعمان علی نے پاکستان کو اہم کامیابی دلائی اور 25 رنز پر کھیلنے والے بلیک ووڈ کو محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ کروا دیا۔

یہ بھی پڑھیں:  دوسرا ٹی ٹونٹی انگلش ٹیم نے جیت لیا

ویسٹ انڈیز کے کپتان بریتھویٹ 39 رنز بنا کر نعمان علی کی وکٹ بن گئے تو میزبان ٹیم شدید مشکلات کا شکار ہوگئی۔

کائل مائرز اور جیسن ہولڈرز نے 46 رنز کی شراکت قائم کی اور سکور 159 رنز تک پہنچایا، مگر شاہین آفریدی نے مائرز کی وکٹ حاصل کرلی۔

کائل مائرز 32 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔

بارش کے باعث کچھ دیر کے تعطل کے بعد میچ شروع ہوا تو جیسن ہولڈر اور جوشوا ڈی سلوا نے ٹیم کا سکور آگے بڑھایا۔

تاہم نعمان علی نے 199 کے مجموعے پر جیسن ہولڈر کو ان کی نصف سنچری سے محض 3 رنز قبل پویلین کی راہ دکھادی جس سے میزبان ٹیم کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا۔

اس کے بعد اس کے آخری دو کھلاڑی بھی پاکستانی باولروں کے آگے زیادہ دیر نہ ٹک سکے اور پوری ٹیم 219 رنز بنا کر آوٹ ہوگئی۔

پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے دوسری اننگز میں بھی شاندار باولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا، یوں انہوں نے میچ میں اپنی 10 وکٹیں مکمل کیں جبکہ نعمان علی نے 3 اور حسن علی نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

یہ بھی پڑھیں:  ٹوکیو اولمپکس: میاں چنوں سے تعلق رکھنے والے ارشد ندیم فائنل راﺅنڈ میں پہنچ گئے

قبل ازیں پاکستان نے پہلی اننگز میں 302 رنز بنائےتھے، جس کے جواب میں شاہین شاہ آفریدی کی تباہ کن باولنگ کے باعث ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم 150 رنز پر آٹ ہوگئی تھی۔
پاکستان نے دوسری اننگز 6 وکٹوں پر 176 رنز بنا کر ڈیکلیئر کردی تھی اور ویسٹ انڈیز کو جیت کے لیے 329 رنز کا ہدف دیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں