Imran_khan_china

پاک چین اقتصادی راہداری خطے میں تبدیلی کا بہترین منصوبہ ہے:وزیراعظم

EjazNews

وزیراعظم نے کہا ہے کہ دشمن قوتوں کو پاک چین تعلقات کو کمزور کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) خطے میں تبدیلی کا بہترین منصوبہ ہے، پاکستان اورچین سی پیک کی بروقت تکمیل کےلیے مل کر کام جاری رکھیں گے۔ افغان تنازع کا کوئی فوجی حل نہیں، معاملات مذاکرات سے حل کرنے کے حامی ہیں۔وزیراعظم عمران خان نے یہ اہم باتیں چینی سفیر نونگ رونگ کیساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہیں۔

دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور خطے کی سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم نے کورونا کے دوران تعاون اور ویکسین کی فراہمی پر چینی حکومت کا شکریہ بھی ادا کیا۔اس موقع پر چین کے سفیر نے وزیراعظم عمران خان کو چینی صدر اور وزیراعظم کی جانب سے یوم آزادی پر مبارکباد کا پیغام بھی پہنچایا۔دریں اثنا وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد میں نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) ہیڈکوراٹرز میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے پاکستان میں اب ایسا الیکشن کروائیں گے جس کے نتائج سب قبول کریں گے،الیکٹرانک مشینیں جعلی ووٹوں سے نجات دلائیں گی۔

یہ بھی پڑھیں:  صرف چینی ہی نہیں برائلر مرغی کی قیمت میں بھی تاریخی اضافہ ہو رہا ہے

وزیراعظم نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ جو فراڈ معاشرے میں اور انتخابات میں ہوتا ہے ان سب کا حل ٹیکنالوجی ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈیٹا اور ٹیکنالوجی دونوں کے استعمال سے ہم پہلی مرتبہ پاکستان میں ایسا الیکشن کروائیں گے جس کے نتائج سب قبول کرلیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ اس کی وجہ یہ ہوگی کہ ٹیکنالوجی کو ڈیٹا سے منسلک کردیں گے اور ٹھپے لگانا، بیلٹ باکس بھرنا، ایک ایک گھر سے 100، 100 جعلی ووٹس رجسٹرڈ کرانے جیسے تمام کام ختم ہوجائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ جیسے ہی الیکٹرانک ووٹنگ مشینز آجائیں گی اس کے ساتھ نادرا کا ڈیٹا ٹیلی کر کے ہم بالکل اکیسیوں صدی کا الیکشن کروائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں 33 لاکھ افغان پناہ گزین موجود ہیں لیکن ان کے علاوہ بھی بہت سے ایسے لوگ ہیں جو غیر رجسٹرڈ ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ جن کے پاس کوئی شناخت نہ ہو وہ نان سٹیزن بن جاتے ہیں، نادرا جو ایلین رجسٹریشن کارڈز جاری کررہا ہے اس کی وجہ سے وہ مرکزی دھارے میں آجائیں گے۔انہوں نے کہا کہ اس کارڈ کی مدد سے وہ کاروبار کرسکیں گے، بینکوں میں پیسے رکھوا سکیں گے اور معیشت کا حصہ بن جائیں گے اور غیر قانونی کاموں سے بچیں گے ۔دفتر وزیراعظم سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے نادار ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، اس موقع پر وزیراعظم نے نادرا کی نئی موبائل رجسٹریشن وین منصوبے کا افتتاح کیا۔

یہ بھی پڑھیں:  ہم اپنے مستقبل کو بہتر جانتے ہیں ہم نے لمبا سفر کیا ہے:مولانا فضل الرحمن

اپنا تبصرہ بھیجیں