saudi_arabia

سعودی عرب نے منظور شدہ ویکسین لگوانے والوں کو بڑی خوشخبری سنادی

EjazNews

سعودی عرب کی وزارت سیاحت نے اعلان کیا ہے کہ وہ مسافر جنہوں نے ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوا لی ہیں انہیں قرنطینہ کے بغیر مملکت میں داخل ہونے کی اجازت ہوگی۔ اس کے لیے انہیں صرف اپنے ویکسینیشن سرٹیفکیٹ کی ضرورت ہوگی۔

عرب نیوز کے مطابق مختلف ممالک سے طے شدہ معیار پر پورا اترنے والے سیاح یکم اگست سے سعودی عرب میں داخل ہو سکیں گے۔

سعودی وزارت سیاحت کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ مکمل طور پر ویکسینیٹڈ افراد وہ ہوں گے جنہیں مملکت میں منظور شدہ ویکسینز کی دونوں خوراکیں لگ چکی ہوں گی۔

سعودی عرب جانے والے مسافروں کے لیے یہ بھی ضروری ہے کہ وہ اپنی ویکسین کی خوراک سے متعلق معلومات اس مقصد کے لیے بنائے گئے نئے الیکٹرانک پورٹل میں داخل کروائیں۔

ان کا ڈیٹا ”توکلنا‘ ‘ ایپلی کیشن پر بھی ریکارڈ کیا جائے گا اور اسے مملکت میں دیگر جگہوں میں داخلے کے لیے دکھانا ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں:  دنیا بھر میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ ہو رہا ہے

اس حوالے سے سعودی وزیر سیاحت احمد الخاطب کا کہنا تھا کہ ہم پھر سے سیاحوں کو خوش آمدید کہتے ہیں اور ہم بہت خوش ہیں کہ کورونا وائرس کی وبا کے نتیجے میں پیدا ہونے والی رکاوٹوں کے بعد مملکت میں پھر سے مہمان آئیں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ جب سب بند تھا اس وقت ہم نے تمام شعبوں میں اپنے قریبی ساتھیوں کے ساتھ شراکت داری کی کوشش کی تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ سعودی عرب آنے والے سیاح یہاں کے سیاحتی خزانوں اور اہم مقامات سے لطف اندوز ہو سکیں اور سعودی معاشرے کی ثقافت اور مہمان نوازی دیکھیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں