Imran_khan_proud

اگلے تین ہفتوں کے دوران ہر فرد کم از کم ایک پودا لگائے تو بہت بڑا انقلاب آئے گا:وزیراعظم

EjazNews

وزیر اعظم نے عوام سے کہا کہ وہ ملک کے جنگلات کا احاطہ بڑھانے کے لیے درختوں کی شجرکاری مہم میں بھرپور حصہ لیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ بدقسمتی ہے کہ دیگر علاقائی ممالک کے مقابلے میں ہمارے جنگلات کا احاطہ بہت کم ہے کیونکہ ماضی میں اس معاملے کو نظر انداز کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں گلوبل وارمنگ سے لڑنے اور آلودگی کے اثرات کو ختم کرنے کے لیے پاکستان کو سرسبز بنانا ہوگا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ اگر اگلے تین ہفتوں کے دوران ہر فرد کم از کم ایک پودا لگائے تو بہت بڑا انقلاب آئے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو بھی ہدایت کی ہے کہ وہ شہروں میں خالی جگہوں پر پودے لگانے کو یقینی بنائیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد آنے والی نسلوں کے لیے بہتر پاکستان چھوڑنا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ 10 ارب درختوں کے سونامی منصوبے کے ساتھ ساتھ خیبر پختونخوا میں ایک ارب درخت لگانے کے منصوبے کی پوری دنیا میں وسیع پیمانے پر تعریف کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اب ایک سرکردہ ملک کے طور پر تسلیم کیا گیا ہے جو کاربن کے اخراج کو ریورس کرنے کے لیے اقدامات کر رہا ہے۔
قبل ازیں وزیر اعظم نے اسلام آباد کے سیکٹر ایف 9 میں فاطمہ جناح پارک میں پودا لگایا تاکہ عوام کو درختوں کی شجرکاری مہم میں مکمل طور پر حصہ لینے کی ترغیب ملے۔
آئندہ چند ہفتوں میں کیپٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) اسلام آباد میں ساڑھے 5 لاکھ درخت لگائے گی۔
خیال رہے کہ گزشتہ دو دہائیوں کے دوران اسلام آباد میں درختوں کے احاطے میں بڑے پیمانے پر کمی دیکھنے میں آئی ہے۔
تاہم وزیر اعظم عمران خان کی حکومت کی جانب سے کلین اینڈ گرین پاکستان انیشی ایٹو کے تحت بڑے پیمانے پر درختوں کی شجرکاری مہم چلانے کے بعد گرین گراف آہستہ آہستہ اوپر جارہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:  سندھ اسمبلی میں پی ٹی آئی کے ناراض اور راضی اراکین الجھ پڑے

اپنا تبصرہ بھیجیں