ali_ameen_gandapur

ن لیگ نے کشمیر الیکشن میں بھارتی بیانیہ استعمال کیا:علی امین گنڈا پور

EjazNews

وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید اور وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ ہم اپنے 3سالہ دور میں عوامی فلاح کیلئے ملک بھر میں اٹھائے گئے اقدامات، صحت انصاف کارڈ، کامیاب جوان پروگرام، احساس کفالت پرگرام کی کامیابی کا بیانیہ لیکر آزاد کشمیر گئے ہیں۔

مراد سعید کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر میں باریاں لگانے والوں نے دھمکیوں، الزامات، بھارتی زبان استعمال کرنے کے سوا کوئی پروگرام انتخابی مہم میں نہیں دیا اور اب اپنا وزیراعظم، اپنا الیکشن کمیشن اور تمام تر انتظامیہ لگانے کے باوجود الیکشن سے پہلے ہی دھاندلی کا راگ الاپ رہے ہیں ۔ ابو بچاومہم لیکر آزاد کشمیر میں شور مچانے والوں نے آزاد کشمیر میں صرف باریاں لگائیں اور کشمیر کاذ کے لئے کچھ نہیں کی اور اب وہ ٹی وی ٹی وی کھیل رہے ہیں، جندال اور مودی سے دوستی نبھانے والوں نے ساڑھیوں کے تحائف کے تبادلے کئے لیکن حریت قائدین سے دہلی میں ملاقات سے بھی انکار کر دیا۔

یہ بھی پڑھیں:  لاہور ہائیکورٹ کےججوں کے تقرر و تبادلے

دونوںوفاقی وزراءنے وزیر اعظم عمران خان کے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں کشمیریوں کے لئے دو ٹوک موقف اختیار کرنے اور عالمی ضمیر کو جھنجوڑنے کی ویڈیو اور مودی کی رائیونڈ آمد اور شریف خاندان کے یارانے والی ویڈیوز بھی میڈیا کے سامنے پیش کیں۔

علی امین گنڈا پور نے کہا کہ ن لیگ نے کشمیر الیکشن میں بھارتی بیانیہ استعمال کیا، ہماری ترجیح آزاد کشمیر میں پر امن اور شفاف الیکشن کا انعقاد ہے جبکہ انتشار پھیلانے کی باتیں کرنے والے مسترد شدہ لوگوں کے پاس کوئی ایجنڈا نہیں۔ تحریک انصاف مقبولیت کی بنیاد پر الیکشن جیتے گی، عمران خان کشمیر کے سفیر بنے اورہر فورم پر عمران خان نے کشمیر کا مقدمہ لڑا اور مودی اور آر ایس ایس کی سوچ کو بے نقاب کیا آزاد کشمیر میں غربت کے خاتمے اور خوشحالی کیلئے اقدامات کریں گے۔

علی امین گنڈا پور نے کہا کہ بطور وفاقی وزیر امور کشمیر میرے خلاف جو پابندی لگائی گئی وہ بلا جواز ہے ۔ جلسوں میں جنہوں نے کشمیریوں کے دشمن بھارت کا بیانیہ دیا اور انتظامیہ اور مخالفین کو دھمکیاں دیں، الزام تراشیاں کیں اس پر کسی کے خلاف کارروائی نہیں ہوتی اور میرا داخلہ بند کرنے کا حکم دیا جاتا ہے۔ ذاتی کاروبار، ذاتی مفادات کو کشمیر کازپر ن لیگ نے فوقیت دی ۔ میں نے پہلے ہی کہا تھا یہ لوگ الیکشن کو متنازعہ بنائیں گے اور کشمیر کاز کو نقصان پہنچائیں گے۔ ہماری ترجیح آزاد کشمیر میں پر امن اور شفاف الیکشن کا انعقاد ہے ، مجھے کشمیر میں بین کرنے کےلئے مقدمات بنانے کی کوششیں کی گئی جو قابل مذمت ہے۔

یہ بھی پڑھیں:  پاکستان میں آن لائن شاپنگ

مراد سعید نے کہا کہ بلاول بھٹو کو شرم کرنی چاہئے، عمران خان نے امریکہ کو اڈے دینے سے انکار کیا اور وہ سی وی لیکر امریکہ بھاگ گئے ، بلاول بتائیں کہ جعلی بینک اکائونٹس کہاں کہاں ہیں؟ اور آصف زرداری نے کیوں ڈرون حملوں کی اجازت دے رکھی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں