zahid_hafez_ch

نئی دہلی اس مقام پر نہیں ہے کہ وہ دوسرے ممالک کے لیے ایسے معیارات پر سوچے:ترجمان دفتر خارجہ

EjazNews

ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے میڈیا کے سوالات پر کہا کہ پاکستان کے خلاف بھارت کے مذموم ایجنڈے سے سب آگاہ ہیں، بھارت کو اس معاملے پر کسی حوالے سے مداخلت کا کوئی حق نہیں ہے۔ پاکستان کے خلاف بھارت کی بدنیتی پر مبنی مہم سب کو معلوم ہے اور یورپی یونین کی ڈس انفو لیب سمیت آزاد ادارے بھارت کو عالمی سطح پر پاکستان مخالف پروپیگنڈے کا موجد قرار دے چکے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کہ یہاں تک کہ افغان سفیر کی بیٹی کے مبینہ اغوا کے واقعہ کے تناظر میں بھی بھارت کی پروپیگنڈا مشینری پاکستان کے خلاف متحرک ہے اور بھارتی ٹوئٹر اور ویب سائٹس کے ذریعے سفیر کی بیٹی کی جعلی تصویریں پھیلائی گئیں۔

ترجمان وزارت خارجہ نے کہا کہ بدقسمتی سے بھارت نے پاکستان کے خلاف جھوٹے بیانیے کے لیے اس طرح کے واقعات کو بھی استعمال کیا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کے پاس صرف ریاستی دہشت گردی، غیرقانونی قبضے، اقوام متحدہ کی قراردادوں کو بے توقیری، اپنے غیر قانونی زیر تسلط علاقوں میں قتل عام اور خواتین کی بے حرمتی، اقلیتوں کے خلاف سیاسی تشدد اور دنیا بھر میں منظم جعلی پروپیگنڈا نیٹ ورک چلانے کی مہارت ہے۔

یہ بھی پڑھیں:  حکومت نے ڈپٹی چیئرمین مرزا محمد خان آفریدی کو نامزد کر دیا

ترجمان نے کہا کہ نئی دہلی اس مقام پر نہیں ہے کہ وہ دوسرے ممالک کے لیے ایسے معیارات پر سوچے۔

انہوں نے بھارت سے کہا کہ وہ پاکستان مخالف اپنی پروپیگنڈہ مہم سے باز رہے، ہم بھارتی سازشوں کو ناکام بنانے کے لیے پر عزم ہیں اور افغان امن عمل کو نقصان پہنچانے میں بھارت کے کردار کی طرف توجہ مبذول کرواتے رہیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں