eid

ہمسایہ ملک چین سمیت بیشتر ممالک میں عیدالاضحی منائی جارہی ہے

EjazNews

عید الفطر کے علاوہ مسلمانوں کا دوسرا اہم ترین تہوار عیدالاضحی ہے جو قمری کیلنڈر کے آخری مہینے ذوالحج کی 10 تاریخ سے 12 تاریخ تک منائی جاتی ہے۔

عید الاضحی میں مسلمان سنت ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے جانوروں کی قربانی کرتے ہیں اور اس کا گوشت، غربا و مساکین کے علاوہ عزیز و اقارب میں تقسیم کرتے ہیں۔

گزشتہ برس کی مانند اس سال بھی کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے کئی اہم مسلمان ممالک بشمول پاکستان، متحدہ عرب امارات اور الجزائر نے عید کے اجتماعات کے حوالے سے خصوصی ہدایات جاری کیں۔

اسی طرح رواں برس بھی محدود پیمانے پر حج کا انعقاد کیا گیا جس میں سعودی عرب میں مقیم ان 60 ہزار افراد کو حج ادا کرنے کی اجازت دی گئی جنہوں نے نہ صرف کورونا سے بچاؤ کی ویکسین لگوائی تھی اور کسی دائمی بیماری کا شکار نہ تھے۔

سعودی عرب میں حجاج آج شیطان کو کنکریاں مارنے کے بعد واپس مکہ جائیں گے، حجاج کرام کو سعودی حکومت نے کورونا وائرس کے پیش نظر سینیٹائزڈ کنکریاں فراہم کی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:  چین اور انڈیا کے درمیان سرحدی جھڑپوں میں 20 انڈین فوجی اور ایک افسر ہلاک

دنیا کے بیشتر ممالک پر عید الاضحی کا آغاز دو رکعت نماز عید کی ادائیگی کے ساتھ ہوا جبکہ افغانستان کے صدارتی محل میں نماز عید کی ادائیگی کے دوران قریبی مقام پر راکٹ آگرے۔
ہمسایہ ملک چین میں بھی آج عید الاضحی منائی جارہی ہے، بیجنگ میں پاکستان سفارتخانے کی مسجد میں نمازِ عید ادا کی گئی جس میں پاکستانی سفیر، معین الحق، سینئر سفارتکاروں، عہدیداروں، کاروباری افراد، اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

نماز عید کے بعد جانوروں کی قربانی کی گئی اور ایک دوسرے سے مبارکباد کا تبادلہ کیا گیا، چین میں 10 سے زائد مختلف نسلی اقلیتوں سے تعلق رکھنے والے تقریباً 2 کروڑ مسلمان آباد ہیں۔

انڈونیشیا میں کورونا وبا کے بدترین پھیلاؤ کے باعث بڑے اجتماعات پر پابندی ہونے کے باوجود مساجد کے باہر نمازِ عید ادا کی گئی اور جانور قربان کیے گئے۔

سب سے زیادہ مسلمان آبادی والا یہ ملک کورونا وائرس کی بدترین لپیٹ میں ہے اور گزشتہ روز یہاں وبا کے باعث ایک ہزار 338 افراد لقمہ اجل بنے، چنانچہ عید کے موقع پر عوام کو سفر سے روکنے کے لیے سڑکوں پر ناکے قائم کیے گئے اور اندرون، ملک پروازوں پر سخت پابندیاں عائد ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:  امریکہ، طالبان معاہدہ اور افغانستان حکومت کی حیثیت

دوسری جانب بنگلہ دیش نے کورونا کیسز میں اضافے کے باوجود وبا کا پھیلاؤ روکنے کے لیے لگائے گئے لاک ڈاؤن میں عید الاضحی کی وجہ سے 8 روز کا وقفہ دیا تھا تا کہ لوگ خریداری اور اہل خانہ کے ساتھ عید منانے کے لیے گھروں کو سفر کرسکیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں