shah_mehmood_qurashi

افغانستان کے مسئلے پر پاکستان اور امریکہ ایک پیج پرہیں:وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی

EjazNews

وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمودقریشی نے کہا ہے کہ افغانستان کے مسئلے پر پاکستان اور امریکہ ایک پیج پرہیں۔ میری اس حوالے سے امریکی وزیرخارجہ انتونی بلنکن کے ساتھ طویل گفت وشنید ہوئی ہے۔

امریکہ بھی افغانستان میں امن اور استحکام چاہتا ہے۔ ہم بھی یہی چاہتے ہیں کہ افغانستان کے مسائل کا سیاسی حل نکالا جائے۔

ہفتے کے روز ملتان میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرخارجہ نے مزید کہاکہ وزیراعظم عمران خان پہلے روز سے کہہ رہے ہیں کہ افغانستان کا کوئی فوجی حل نہیں ہے۔ افغان مسئلے کاسیاسی حل نکالاجائے۔

انہوں نے کہا کہ افغان مسئلے پر پاکستان سب کے ساتھ رابطے میں ہے۔ ہمارا طالبان کے نمائندوں کے ساتھ بھی رابطہ ہے اورافغانستان کی منتخب حکومت کے نمائندے بھی ہم سے رابطے میں ہیں۔افغان وزیرخارجہ کو میں نے دورہ پاکستان کی دعوت دی ہے اورمیں ان کا منتظر ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ہم سابق شمالی اتحاد کے نمائندوں کو بھی مدعو کرتے ہیں۔یہ سب افغانستان کی فیصلہ ساز قوتیں ہیں۔ ہم افغان مسئلے کادیرپا حل چاہتے ہیں۔یہ مسئلہ زور بازو سے حل نہیں ہوگا۔قبضہ کرنا اس مسئلے کاحل نہیں ہے۔ہم نہیں چاہتے کہ افغانستان دوبارہ خانہ جنگی کا شکارہو۔ہم افغانستان کو 90کی دہائی میں نہیں دیکھنا چاہتے۔ مستقبل کا افغانستان پرامن ،ترقی یافتہ اور مستحکم ہونا چاہیے۔ہم نے افغانستان کے راستے ہی وسط ایشیا تک تجارت کے لیے رسائی حاصل کرنی ہے ۔

یہ بھی پڑھیں:  افغانستان اور بنگلہ دیش کو آسان حریف سمجھنے کی غلطی نہ کیجئے گا: وسیم اکرم

انہوں نے کہاکہ ہم تمام علاقائی قوتوں کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ایک اور سوال کے جواب میں وزیرخارجہ نے کہا کہ آزاد کشمیر کے انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کامیاب ہوگی۔اپوزیشن کے جلسے آپ دیکھ رہے ہیں ۔آنے والے دنوں میں وہاں عمران خان بھی جلسے کریں گے۔

انہوں نے کہاکہ اپوزیشن کشمیر میں جاکر انتخابی مہم ضرور چلائے مگر بھارت کی زبان نہ بولے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں