T20 world cup

T20ورلڈ کپ بھارت سے متحدہ عرب امارات منتقل

EjazNews

رواں سالT20 ورلڈ کپ کے ملک میں انعقاد کی بھارت کی امیدیں اس وقت ہوا ہو گئی تھیں جب کورونا وائرس کی وجہ سے انڈین پریمیئر لیگ کو مئی میں ملتوی کردیا گیا تھا۔

گزشتہ ماہ بی سی سی آئی نے اعلان کیا تھا کہ آئی پی ایل کے بقیہ میچز متحدہ عرب امارات میں منعقد کیے جائیں گے جس کے بعد 16 رکنی ورلڈ کپ کی منتقلی کے امکانات بھی روشن ہو گئے تھے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ٹورنامنٹ کی میزبانی کے حوالے سے فیصلہ کرنے کے لیے بھارت کو 28 جون تک کی ڈیڈ لائن دی تھی۔

انڈین میڈیا کے مطابق انڈین کرکٹ بورڈ کے اعلیٰ حکام نے تصدیق کی ہے کہ بھارت میں کورونا وائرس اور سفری پابندیوں کی وجہ سے ٹی20 ورلڈ کپ کو متحدہ عرب امارات منتقل کردیا گیا ہے۔

بھارت دنیا کے دیگر ملکوں کی طرح گزشتہ سال سے کورونا وائرس سے بری طرح متاثر ہے اور پہلی لہر سے نکلنے کے بعد بھارت کو دوسری لہر پر قابو پانے میں مستقل مشکلات کا سامنا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:  لاہور قلندرز نے کراچی کنگز کو پچھاڑ دیا

بھارت میں اب تک تین کروڑ سے زائد افراد وائرس کا شکار ہو چکے ہیں اور پیر تک وائرس سے مجموعی طور پر 3 لاکھ 96 ہزار افراد موت کے منہ میں جا چکے ہیں۔

جہاں ایک طرف ہندوستان کو وائرس کا پھیلاؤ روکنے میں مشکلات کا سامنا ہے وہیں ماہرین نے پہلے ہی خبردار کردیا ہے کہ ملک میں ممکنہ طور پر اکتوبر اور نومبرکے مہینے میں وائرس کی تیسری لہر ٹی20 ورلڈ کپ سے براہ راست متصادم ہو گی۔

بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا(بی سی سی آئی) کے سربراہ سارو گنگولی نے پریس ٹرسٹ آف انڈیا کوتصدیق کی کہ ٹی20 ورلڈ کپ کو بھارت سے متحدہ عرب امارات منتقل کردیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بی سی سی آئی نے انٹرنیشنل کرکٹ کو اپنے فیصلے سے آگاہ کردیا ہے کہ ہم ٹی20 ورلڈ کپ کی میزبانی متحدہ عرب امارات میں کریں گے اور اسے منتقل کیا جا سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:  پشاور زلمی نے 6وکٹوں سے میچ جیت لیا

ان کا کہنا تھا کہ ٹورنامنٹ کی امارات منتقلی کے حوالے سے معاملات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔

بی سی سی آئی کے نائب صدر راجیو شکلا نے کہا کہ ایونٹ کے کوالیفائرز عمان میں منعقد کیے جا سکتے ہیں جبکہ بقیہ میچز متحدہ عرب امارات میں تین مقامات ابوظہبی، شارجہ اور دبئی میں کھیلے جائیں گے۔

ادھر بی سی سی آئی کے خزانچی ارن سنگھ دھمل نے رائٹرز کو بتایا کہ ہم انڈین پریمیئر لیگ کے بعد اس سال متحدہ عرب امارات میں ٹی20 ورلڈ کپ کا انعقاد کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم ملک میں کووڈ-19 کے اعدادوشمار کا جائزہ لے رہے ہیں اور فی الوقت سفری پابندیوں کے حوالے سے کوئی چیز واضح نہیں ہے اور ہم جلد انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو اپنے فیصلے سے آگاہ کردیں گے۔

واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات نے گزشتہ سال انڈین پریمیئر لیگ کے مکمل ایڈیشن کی میزبانی کی تھی جبکہ پاکستان سپر لیگ کے دوسرے مرحلے کے تمام میچز بھی عرب سرزمین پر کامیابی سے منعقد ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں:  ماؤنٹ منگنوئی ٹیسٹ، نیوزی لینڈ کی ٹیم 431 رنز پر آؤٹ

اپنا تبصرہ بھیجیں