covid_19_alart

کورونا کی چوتھی لہرجولائی میں آسکتی ہے، وفاقی وزیر نے خبردار کر دیا

EjazNews

وفاقی وزیر منصوبہ بندی اور این سی او سی کے سربراہ اسد عمر نے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنے کی صورت میں پاکستان میں کورونا وائرس کی چوتھی لہر جولائی میں داخل ہو سکتی ہے۔

اپنے سوشل اکائونٹ میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی اور نیشنل کنٹرول اینڈ کمانڈ سینٹر کے سربراہ نے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ براہ مہربانی ایس او پیز کی پیروی کریں اور جلد از جلد ویکسینیشن کروائیں۔

این سی او سی کے میٹنگ میں مصنوعی ذہانت پر مبنی بیماری کے ماڈلنگ تجزئیے کا بھی جائزہ لیا گیا۔اس وقت پاکستان میں کورونا وائرس کی تیسری لہر چل رہی ہے تاہم پاکستان میں کورونا کیسز کی شرح میں کمی رپورٹ ہوئی ہے۔

این سی او سی نے گذشتہ ہفتہ کہا تھا کہ ملک میں کورونا وائرس کے نئے کیسز کی شرح تیزی سے گری ہے۔حالیہ دنوں میں پاکستان میں کورونا سے بچاوکی ویکسین کی کمی بھی رپورٹ ہوئی تھی تاہم حکومت نے کہا تھا کہ اس نے چین سے مزید ویکسین منگوالی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:  پاکستان کا پہلا سائنس میلہ اگست کو سجے گا:وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی

گذشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں تین لاکھ 37 ہزار 248 افراد کو ویکسین لگائی گئی۔اب تک ملک بھر میں کورونا سے بچاوکی ایک کروڑ 45 لاکھ تین ہزار 136 افراد کی ویکسینیشن ہوئی ہے۔

پاکستان میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک ہزار 52 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور 44 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مثبت کیسز کی شرح دو اعشاریہ 29 فیصد رہی۔

پاکستان میں کورونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد نو لاکھ 52 ہزار سے زیادہ ہے جبکہ مجموعی اموات کی تعداد 22 ہزار 152 ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں