Fawad_chaudary

اجارہ سکوک کے نظام سے اسلامی بینکنگ کو مقبولیت ملے گی:وزیر اطلاعات

EjazNews

وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے میڈیا بریفنگ میں بتایا ہےکہ کابینہ نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کے نان ایگزیکٹو اراکین میں سے اسلم خان کو قومی ایئر لائن کا نیا چیئرمین مقرر کرنے کی منظوری دی ہے۔

اسلامک بینکنگ کو فروغ دینے کے حوالے سے ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل اجارہ سکوک کے بروقت اجرا کی غرض سے اثاثے بروئے کار لانے کی تجویز بھی منظور کرلی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اکثریت سود پر قرض لینا برا سمجھتے ہیں تو اسلامی نظام سے یہ فائدہ ہوتا ہے کہ بلاسود قرض لیا جاسکتا ہے اس لیے اجارہ سکوک کے نظام سے اسلامی بینکنگ کو مقبولیت ملے گی اور ہم قرضہ لینے کے لیے اپنے ناقابل استعمال اثاثوں کو بھی استعمال کرسکیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں بینکوں کی جانب سے قرض معاف کروانے یا قرض کی مد میں بینکوں کو ہونے والے نقصان سے متعلق سٹیٹ بینک آف پاکستان کی رپورٹ کابینہ میں پیش کرنے کا ایجنڈا مؤخر کردیا گیا کیونکہ جن افراد نے قرضے معاف کروائے ان کے نام ہی پڑھے نہیں جارہے تھے۔

واضح رہے کہ وزارت خزانہ نے صکوک بانڈز کے اجرا کے لیے اسلام آباد پشاور موٹروے، پنڈی بھٹیاں فیصل آباد موٹر وے اور اسلام آباد ایکسپرس وے گروی رکھنے کی نشاندہی کی تھی جبکہ لاہور اور اسلام آباد کے ایئر پورٹس پر بھی صکوک بانڈز جاری کرنے کی منظوری مانگی گئی تھی جو کہ دے دی گئی ہے۔ اس سے قبل ایف نائن پارک کو گروی رکھ کر صکوک بانڈز جاری کرنے کی سمری وفاقی کابینہ کو ارسال کی گئی تھی جو کہ وزیراعظم نے مسترد کرتے ہوئے وزارت خزانہ کو عوامی مقامات کے بجائے دیگر اثاثوں کی نشاندہی کرنے کی ہدایت کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں:  خیبر پختونخوا میں بنے گی اب ٹورازم پولیس

وزیر اطلاعات نے بتایا کہ کارٹن ہوٹل کراچی کی اراضی کی منتقلی کا معاملہ بھی ایک ہفتے کے لیے مؤخر کیا گیا ہے اور ممنوعہ اسلحے کے لائسنس کے اجرا کی درخواستوں پر غور کا معاملہ بھی مؤخر کیا گیا تاکہ وزارت داخلہ اس سے متعلق قواعد مکمل کرلے اور پھر لائسنس جاری کیے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ لیکسمبرگ میں مقیم پاکستانیوں کو دوہری شہریت رکھنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔

فواد چوہدری نے بتایا کہ کابینہ نے ایک انتہائی اہم قانون کی منظوری دی ہے جس کے تحت سرکاری اراضی پر ناجائز قبضوں کے تدارک کے لیے پبلک پراپرٹی ریموول آف انکروچمنٹ بل 2021 پیش کیا جائے گا۔مذکورہ قانون کے تحت وفاقی حکومت کا مجاز افسر سرکاری اراضی پر قابض افراد کو اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کرے گا اور غیر تسلی بخش جواب کی صورت میں اراضی کو واگزار کرانے کا مجاز ہوگا۔ اس قانون میں غیر قانونی طور پر قابض عناصر کے لیے سزا اور جرمانے کی تجویز بھی رکھی گئی ہے اور اس سلسلے میں خصوصی اپیلیٹ ٹریبونل تشکیل دیا جائے گا جو 30 روز میں لوگوں کی درخواستوں کا فیصلہ کرے گا۔

یہ بھی پڑھیں:  پٹرول،ڈیزل کی قیمت کم کر رہے ہیں،بھارت سے تجارت کھولنے کا فیصلہ:وزیر خزانہ

وزیر اطلاعات نے کہا کہ بہت سے مقامات پر وفاقی حکومت کی بہت قیمتی اراضی پر قبضہ ہے جنہیں واگزار کروانے کا یہ نیا طریقہ کار متعارف کروایا جائے گا اور ایکشن نہ لینے پر متعلقہ ایس ایچ او کو بھی سزا دی جاسکے گی۔

انہوں نے بتایا کہ عاصم رؤف کو مزید 3 ماہ کے لیے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان کے چیئرمین کے عہدے پر توسیع کی منظوری دی ہے۔

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا اس مرتبہ ملک میں گندم کی ریکارڈ پیداوار ہوئی ہے اس کے باوجود درآمد کرنے کی منظوری اس وجہ سے دی گئی ہے کیوں کہ ہماری آبادی تیزی سے بڑھنے کی وجہ سے ہماری ضرورت بڑھ گئی ہے۔ کابینہ میں اس بات پر بھی غور کیا گیا کہ ہمارے ملک کی آبادی بڑھنے کی رفتار اتنی تیز ہے کہ فصلوں کی ریکارڈ پیداوار ہونے کے باوجود ہماری ضرورت بڑھ رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم ہر صورت سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹنگ کے عمل میں شامل کرنا چاہتے ہیں، نہ جانے مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی سمندر پار پاکستانیوں سے کیوں اتنے خوفزدہ ہیں شاید انہیں یہ لگتا ہے کہ یہ سب عمران خان کے ووٹر ہیں۔انتخابی اصلاحات کا معاملہ بھی اس لیے تعطل کا شکار ہوا ہے کیوں یہ جماعتیں بیرونِ ملک مقیم 80 لاکھ سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق نہیں دینا چاہتیں۔ آج ہماری معیشت کی 4 فیصد کی شرح سے ترقی کرنے کی بڑی وجہ سمندر پار پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی جانے والی ترسیلات زر ہیں جنہوں نے پاکستانی معیشت جو بالکل بدل کر رکھ دیا۔ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں نے ایک ہزار ارب روپے سے زیادہ کی ترسیلات زر بھجوائیں جن میں 90 فیصد سے زیادہ وہ 500 ڈالر سے کم رقم کی تھیں، اگر وہ ابھی بھیج سکتے ہیں تو پہلے کیوں نہیں بھیجے وہ اس لیے کہ آصف زرداری، نواز شریف پر انہیں اعتماد نہیں تھا۔

یہ بھی پڑھیں:  وزیراعظم نے موبائل کالز اور ایس ایم ایس پر ٹیکس مسترد کردیا:وزیر خزانہ (پوسٹ بجٹ میڈیا بریفنگ)

اپنا تبصرہ بھیجیں