murad ali sha

سندھ میں پرائمری سکول 21جون ، درگاہیں، امیوزمنٹ پارکس اور انڈور جمز28جون سے کھلیں گے

EjazNews

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت کورونا وائرس پر صوبائی ٹاسک فورس کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ صوبے میں کورونا وائرس کی تشخیصی شرح 3.9 فیصد ہوگئی ہے اور کیسز میں کمی آرہی ہے۔وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ یہ کمی تب تک ہوتی رہے گی جب تک عوام ایس او پیز پر عمل کرتے رہیں گے۔کراچی میں تشخیص کی شرح 8.08 اور حیدرآباد 4.3 فیصد ہے، جبکہ جون میں 263 کورونا مریض انتقال کر گئے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ ابھی ضلع شرقی اور ضلع جنوبی میں کیسز بہت زیادہ ہیں۔اب تک صوبے کو ویکسینز کی 32 لاکھ 43 ہزار 988 خوراکیں موصول ہوئیں، جن میں سے 28 لاکھ 73 ہزار 857 استعمال ہو چکی ہیں۔ ویکسین کی کمی کے باعث ویکسی نیشن سینٹرز اتوار کو بند رہیں گے۔

اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ روس کی اسپوتنک ویکسین جون کے آخری ہفتے میں آجائیں گی، سائنوویک کی 15 لاکھ خوراکیں 21 جون، کین سائنو کی 7 لاکھ اور پاک ویک کی 4 لاکھ خوراکیں 23 جون کو ملیں گی۔

یہ بھی پڑھیں:  وزیراعظم کی سانحہ ساہیوال کے متاثرین سے ملاقات

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صوبے میں پرائمری سکول 21 جون سے کھول دئیے جائیں گے۔ٹاسک فورس نے درگاہیں، امیوزمنٹ پارکس اور انڈور جمز 28 جون سے کھولنے کا بھی فیصلہ کیا۔

اجلاس میں صوبائی وزرا ڈاکٹر عذرا پیچوہو، سعید غنی، ناصر شاہ، مشیر مرتضیٰ وہاب، پارلیمانی سیکرٹری قاسم سراج سومرو، چیف سیکریٹری، آئی جی پولیس، ایڈیشنل آئی جی کراچی، ڈاکٹر باری، ڈاکٹر فیصل ، ڈاکٹر سارہ، ڈاکٹر قیصر سجاد اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں