Lahoe_qulandar

لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست دے دی

EjazNews

ابوظہبی میں کھیلے گئے پی ایس 6 کے ایک سنسنی خیز مقابلے میں لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو پانچ وکٹوں سے ہرا دیا۔

بدھ کے روز شیخ زاید سٹیڈیم میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے 143 رنز کے جواب میں لاہور قلندرز نے میچ کی آخری گیند پر مطلوبہ ہدف حاصل کرلیا۔

لاہور قلندرز کو آخری اوور میں میچ جیتنے کے لیے 16 رنز درکار تھے جو اس نے راشد خان کی عمدہ بلے بازی کی بدولت حاصل کر لیے۔

راشد خان نے پانچ گیندوں پر تین چوکوں کی مدد سے 15 رنز بنائے اور ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر نے سب سے زیادہ 40 رنز بنائے اور فواد احمد کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ محمد حفیظ 29 رنز بنانے کے بعد حسن علی کی بال پر آصف علی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

یہ بھی پڑھیں:  نئی رینکنگ: بابر اعظم پانچویں نمبر پر آگئے

ٹم ڈیوڈ 23 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے جبکہ بین ڈنک نے 17 رنز بنائے۔

لاہور قلندرز کی جانب سے فخر زمان اور کپتان سہیل اختر نے اننگز کا آغاز کیا۔

اوپنر فخر زمان صرف 9 رنز بنانے کے بعد فہیم اشرف کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ محمد فیضان 9 رنز بنا کر شاداب خان کا شکار بنے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے حسن علی نے دو جبکہ فہیم اشرف، فواد احمد اور شاداب خان نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 143 رنز سکور کیے اور اس کے نو کھلاڑی آؤٹ ہوئے۔ فہیم اشرف نے سب سے زیادہ 27 رنز بنائے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے عثمان خواجہ نے پی ایس ایل میں ڈیبیو کیا۔ ان کے ساتھ اوپنر کولن منرو سات گیندوں پر 11 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔
ان کے بعد روحیل نذیر آٹھ رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

یہ بھی پڑھیں:  بھارتی ٹیم کی بدترین شکست

کپتان شاداب خان سات، افتخار احمد 12 رنز اور حسین طلعت 14 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ آصف علی سات رنز بنانے کے بعد احمد دانیال کی گیند پر محمد حفیظ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے جبکہ حسن علی 14 رنز بنانے کے بعد حارث رؤف کی گیند پر شاہین شاہ آفریدی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

اس میچ میں لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر نے ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔

واضح رہے کہ پی ایس ایل کے چھٹے سیزن میں پاکستان میں 14 میچز کھیلے گئے تھے۔

خیال رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے میچز رواں سال مارچ میں اس وقت مؤخر کر دیے گئے تھے جب کھلاڑیوں اور سپورٹنگ سٹاف میں کورونا کے کیسز سامنے آئے تھے اور لیگ کو دوبارہ ملک کے اندر شروع کرنے کی کوششوں کو وبا کی تیسری لہر میں شدت کے باعث ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔

یہ بھی پڑھیں:  ٖPSL2020، شائقین کو 6سے29اگست تک ری فنڈنگ جاری رہے گی

متحدہ عرب امارات کے میدانوں میں کھیلے جانے والے بقیہ میچز کے دوران کھلاڑیوں کو تماشائیوں سے خالی سٹیڈیم اور شدید گرمی کا بھی مقابلہ کرنا ہوگا۔
ابوظہبی میں شروع ہونے والے کورونا سے متاثرہ ٹی 20 میچز کے دوران درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہے گا۔

لیگ کے میچز کے دوران کھلاڑی فیلڈ میں برف والی جیکٹس (آئس ویسٹس) پہنیں گے جبکہ بولرز سے کہا گیا ہے کہ گرمی کا مقابلہ کرنے کے لیے قدرتی ٹھنڈک والے ناریل کے پانی (کوکونٹ واٹر) کا استعمال کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں