Karachi_load_shading

کراچی کے شہریوں کو لوڈ شیڈنگ سے بچانے کیلئے کے الیکٹر ک کو اضافی بجلی ملے گی

EjazNews

وفاقی وزیر برائے توانائی حماد اظہر نے بتایا کہ کے الیکٹرک کو وفاقی حکومت کی جانب سے پہلے ہی ساڑھے 3 سو میگا واٹ اضافی بجلی فراہم کی جا رہی تھی۔

ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ کراچی کے شہریوں کو لوڈشیڈنگ سے نجات دینے کے لیے اس مقدار میں مزید 200 میگا واٹ کا اضافہ کر دیا گیا ہے۔

شدید گرم موسم میں بجلی کی بندش نے شہریوں کا جینا دوبھر کر رکھا ہے جس پر گورنر سندھ عمران اسمٰعیل نے 31 مئی کو ایم ڈی کے-الیکٹرک مونس علوی کو گورنر ہاؤس میں طلب کر کے شہر کے مختلف علاقوں میں لوڈ شیڈنگ پر برہمی کا اظہار کیا تھا۔

انہوں نے ایم ڈی کے-الیکٹرک کو ہدایت کی تھی کہ شہر میں جاری لوڈ شیڈنگ کے معاملات کو ذاتی طور پر دیکھیں اور شہریوں کی شکایات کا فوری طور پر ازالہ کریں۔

ملاقات کے دوران گورنر سندھ نے وفاقی وزیر برائے توانائی حماد اظہر سے بھی فون پر رابطہ کیا تھا اور شہر میں جاری لوڈ شیڈنگ کے حوالے سے صورت حال کو بہتر بنانے اور کے-الیکٹرک کے معاملات میں بہتری لانے پر زور دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں:  جعلی کاغذات پر پاکستان داخل ہونے والا امریکی شہری گرفتار

بعدازاں گورنر سندھ کی جانب سے کے الیکٹرک کے وفد کو وزیر اعظم آفس لے جانے کے بعد گزشتہ روز کراچی میں بجلی کی فراہمی کے مسائل حل کرنے کے لیے وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر پاور ڈویژن میں ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس طلب کیا گیا تھا۔

پاور ڈویژن میں ہونے والے اجلاس کی صدارت وزیر برائے توانائی حماد اظہر نے کی تاہم پاور ڈویژن نے اس بارے میں کوئی بیان جاری نہیں کیا تھا البتہ رپورٹس کے مطابق حماد اظہر نے کے الیکٹرک کو 400 میگا واٹ سے زیادہ فراہمی کے عزم کا اعادہ کیا تھا۔

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ کے وسط میں کے الیکٹرک کی 220 کے وی کی ہائی ٹینشن ٹرانسمیشن لائن ٹرپ کرجانے کی وجہ سے شہر قائد کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی کئی گھنٹوں تک معطل رہی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں