imran_khan_rashakai

ہم دھاندلی سے نہیں نیوٹرل امپائر سے جیتنے والے ہیں:وزیراعظم

EjazNews

نوشہرہ میں رشکئی اسپیشل اکنامک زون کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ ‘پاکستان کا مستقبل صنعت میں ہے، ملک کی ترقی صنعت کے بغیر نہیں ہوسکتی۔

انہوں نے کہا کہ ‘رشکئی اکنامک زون سی پیک کے اندر ہے جو خوش آئند بات ہے اور یہ خوش آئند اس لیے ہے کیونکہ آج چین، دنیا بھر میں سب سے زیادہ تیزی سے ترقی کرنے والا ملک ہے، اس کی ترقی سے ہم سب سے زیادہ سیکھ سکتے ہیں، مغربی ممالک کی صنعتیں پرانی ہیں اس لیے پاکستان ان سے زیادہ نہیں سیکھ سکتا۔

عمران خان نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کو رشکئی اکنامک زون کے متعلق انتباہ کرتے ہوئے کہا کہ ‘اس کی زمین کسی صورت فروخت نہ کی جائے بلکہ کم قیمت پر لیز پر دیا جائے، کیونکہ یہ زمین فروخت کی گئی تو یہ ریئل اسٹیٹ بننے کا خطرہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں:  مجھے مقابلہ کرنا آتا ہے اور عوام کی مدد سے ان مافیاؤں کو شکست دے کر دکھاؤں گا :وزیراعظم

ان کا کہنا تھا کہ ‘پاکستان میں برآمدات میں اضافے کے لیے صنعتیں لگانے کی ضرورت ہے، چین کی برآمدات میں اضافہ صنعتیں لگانے سے ہوا اور جب تک برآمدات میں اضافہ نہیں ہوتا ملک ترقی نہیں کرے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ ‘بدقسمتی سے اب تک ہمارا شمار سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کرنے والے ممالک میں نہیں ہوتا، اسپیشل اکنامک زون میں سرمایہ کاروں کو سہولت دیں گے، سرمایہ کاروں کے لیے جتنی آسانیاں ہوں گی اتنی زیادہ سرمایہ کاری ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ ‘ہم نے ملک کو مشکل وقت سے نکالا ہے اور جب اس مشکل وقت سے معیشت کو نکال رہے تھے تو کورونا آگیا، ہم نے سب سے پہلے فیصلہ کیا کہ لاک ڈاؤن نہیں لگانا کیونکہ اس سے غریب کچلا جاتا ہے، مجھ پر لاک ڈاؤن کے لیے دباؤ ڈالا گیا، اگر مکمل لاک ڈاؤن لگا دیتا تو آج ملک کا بھارت جیسا حال ہوتا۔

یہ بھی پڑھیں:  وزیراعظم اگلے چھ ماہ، ایک سال یا دو سال میں کبھی بھی اسمبلیاں توڑ سکتے ہیں:وفاقی وزیر اسد عمر

عمران خان نے کہا کہ ‘اللہ کا کرم ہے اور ہمارے مخالفین حیران ہیں کہ ملک کا شرح نمو تقریباً 4 فیصد کیسے ہوگیا کیونکہ انہوں نے پہلے اتنی تنقید کی تھی کہ ملک تباہ ہوگیا اور یہ لوگ جھوٹ بول رہے ہیں، میں ان سے کہتا ہوں کہ میں وہ کپتان تھا جو نیوٹرل امپائر لے کر آیا تھا، ہم دھاندلی سے نہیں نیوٹرل امپائر سے جیتنے والے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘ملک ترقی کے راستے پر چل پڑا ہے اور اچھا وقت آنے والا ہے، صنعت بھی چل پڑی ہے، اس مرتبہ چاول، گندم اور مکئی کی ریکارڈ پیداوار ہوئی ہے، اب ملک میں ڈالر زیادہ آرہے ہیں اور باہر کم جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ‘خطرہ یہ ہے کہ جیسے جیسے ہماری معیشت مضبوط ہو رہی ہے ہمارے کرنٹ اکاؤنٹ پر دباؤ بڑھے گا اور ملک سے باہر ڈالر زیادہ جانے شروع ہوجائیں گے جس سے ہمیں بچنا ہے، ابھی تک بیرون ملک پاکستانیوں نے ریکارڈ ترسیلات زر بھیجی ہیں جس سے روپیہ مضبوط ہوا۔

یہ بھی پڑھیں:  پولیس اپنی ذمہ داری ادا کرنے میں ناکام ہوئی:چیف جسٹس گلزار احمد