shahbaz_sharif_hodabia

حدیبیہ پیپر ملز کی نئے سرے سے حکومت تفتیش کروانا چاہتی ہے

EjazNews

وفاقی حکومت نے فیصلہ کیا کہ حدیبیہ پیپر ملز کا مقدمہ نئے سرے سے تفتیش کا متقاضی ہے اور اس سلسلے میں متعلقہ اداروں کو تفتیش نئے سرے سے شروع کرنے کی ہدایات دی جارہی ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کو قانونی ٹیم نے مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہباز شریف کے مقدمات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے فیصلہ کیا کہ حدیبیہ پیپر ملز کا مقدمہ نئے سرے سے تفتیش کا متقاضی ہے اور اس سلسلے میں متعلقہ اداروں کو تفتیش نئے سرے سے شروع کرنے کی ہدایات دی جارہی ہیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ حدیبیہ کا مقدمہ شریف خاندان کی کرپشن کا سب سے اہم سرا ہے، اس مقدمے میں لیگی صدر شہباز شریف اور قائد مسلم لیگ ن ، سابق وزیراعظم نواز شریف مرکزی ملزم کی حیثیت رکھتے ہیں جو طریقہ کار حدیبیہ میں پیسے باہر بھیجنے کیلئے استعمال ہوا اسی کو بعد میں ہر کیس میں اپنایا گیا۔ اس لئے اس کیس کو انجام تک پہنچانا از حد اہم ہے۔

یہ بھی پڑھیں:  پاکستان اور افغانستان کے درمیان تعلقات کو نئے سرے سے شروع کرنےپر اتفاق

وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت حکومتی رہنماؤں کے اجلاس میں مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کے معاملے پر مشاورت کی گئی۔

ذرائع نے بتایا کہ شہبازشریف کی بیرون ملک روانگی سے متعلق عدالتی فیصلے پربھی مشاورت کی گئی جبکہ اس معاملے پر عدالت سے رجوع کیے جانے پر غور کیا گیا۔اجلاس میں فواد چوہدری، اسد عمر، شہزاد اکبر اور قانونی ماہرین شریک ہوئے۔شہزاد اکبر نے شہباز شریف معاملے پر وزیراعظم کو بریفنگ دی۔وزیراعظم نے دورہ سعودی عرب پر بھی حکومتی رہنماؤں کو اعتماد میں لیا۔