housing scheem

14لاکھ والا گھر 11لاکھ روپے میں ملے گا:وزیراعلیٰ پنجاب

EjazNews

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہاہے کہ وزیراعظم عمران خان کا 50لاکھ گھروں کا وعدہ تیزی سے حقیقت میں بدل رہاہے۔ لاہور میں 35 ہزاراپارٹمنٹس پراجیکٹ کے پہلے فیز کا آغاز ہو چکا ہے اور 4 ہزار اپارٹمنٹس کی تعمیر کیلئے ایل ڈی اے سٹی ہاؤسنگ پراجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھا گیاہے جبکہ پرائم منسٹرافورڈ ایبل ہاؤسنگ پراجیکٹ کے تحت صوبے کے مختلف شہروں میں 133 مقامات کی نشاندہی کی گئی ہے۔ پہلے مرحلے میں پنجاب کی26 تحصیلوں میں 32مقامات پر 10120 گھر بنائے جا ئیں گے۔ اللہ تعالی کے فضل و کرم سے آج 10 مقامات رائیونڈ، چونیاں، منڈی بہاؤالدین، میانوالی، خوشاب، سرگودھا، چنیوٹ، خانیوال، ملتان اور ڈیرہ غازی خان میں پرائم منسٹرافورڈ ایبل ہاؤسنگ پراجیکٹ کا افتتاح کیا گیا ہے جبکہ پنجاب کی دیگر تحصیلوں میں بھی اس پراجیکٹ کو لانچ کرنے کیلئے کام جاری ہے اور اس پراجیکٹ کا دائرہ کار مزید تحصیلوں تک وسیع کریں گے اوربہت جلد یہ منصوبہ دیگر تحصیلوں میں بھی شروع کیا جائے گا۔ گھر کا رقبہ 3 مرلے سے بڑھا کر ساڑھے 3 مرلے کر دیا گیا ہے اور کل امدادی قیمت 30 سے 35 ہزار روپے فی مرلہ رکھی گئی ہے جبکہ اس رقبہ کی مارکیٹ ویلیو لاکھوں روپے میں ہے۔

یہ بھی پڑھیں:  کراچی کا سیوریج خطرے کی گھنٹی بن گیا

رائیونڈ میں پرائم منسٹرافورڈایبل ہاؤسنگ پراجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کررہے تھے-وزیراعلیٰ نے کہاکہ پرائم منسٹرافورڈ ایبل ہاؤسنگ پراجیکٹ کے تحت ہر گھر کی مجموعی لاگت تقریباً14لاکھ 30 ہزار روپے ہے جبکہ درخواست گزار ایک لاکھ 43 ہزار روپے جمع کرائے گا- تعمیرات کیلئے باقی رقم تقریباً 10 لاکھ روپے بینک آف پنجاب فراہم کرے گا- ماہانہ قسط تقریباً 10ہزار روپے رکھی گئی ہے۔ حکومت پاکستان/NAPHDA ہر گھر کیلئے 3لاکھ روپے سبسڈی فراہم کرے گی- اس طرح 14لاکھ روپے مالیت کا گھر صرف 11لاکھ روپے میں ملے گا جبکہ زمین پر دی گئی سبسڈی اس کے علاوہ ہے۔

انہوں نے کہاکہ غریب کو گھر فراہم کرنا کار خیر ہے – شفافیت اور کوالٹی کو یقینی بنانے کیلئے پرائم منسٹرافورڈایبل ہاؤسنگ پراجیکٹ کے تعمیراتی کام کی ذمہ داری ایف ڈبلیو او کے سپرد کی گئی ہے۔ صوبائی کابینہ اس پراجیکٹ کے 32مقامات کیلئے انفراسٹرکچر بنانے کیلئے 3ارب روپے کی منظوری دے چکی ہے جس سے سڑکیں اور دیگر انفراسٹرکچر بنایا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں:  کیا قوم کسی اور کی جنگ میں شرکت کرکے اپنے 70 ہزار لوگوں کی قربانی دیتی ہے؟:وزیراعظم