Bill_Bill_gates_malindagates_malinda

بل گیٹس اور اہلیہ ملنڈا میں کتنے عرصہ بعد طلاق ہوئی؟

EjazNews

دنیا کے امیر ترین شخص بل گیٹس اور ان کی اہلیہ ملنڈا کی جوڑی کا شمار دنیا کی بہترین جوڑیوں میں ہوتا رہا اور دونوں نے مجموعی طور پر ایک دوسرے کے ساتھ 34 برس گزارے۔
فرانسیسی نسل سے تعلق رکھنے والی ملنڈا گیٹس امریکا میں ہی پیدا ہوئی ہیں اور انہوں نے 1986 میں بل گیٹس کی سافٹ ویئر کمپنی مائیکرو سافٹ میں پروڈکٹ منیجر کی ملازمت شروع کی تھی۔

ملازمت کے ایک سال بعد دونوں میں رومانوی تعلقات استوار ہوگئے تھے اور دونوں نے چند سال تک تعلقات میں رہنے کے بعد 1994 میں شادی کی تھی۔

ملازمت سے محبت اور پھر شادی کے بعد ایک ساتھ نئے فلاحی منصوبے اور کاروبار شروع کرنے سے کامیاب والدین بننے کے بعد ان کی جوڑی کو دنیا کی وفادار اور رومانوی ترین جوڑی مانا جاتا تھا۔

دنیا کے امیر ترین فرد کا اعزاز رکھنے کے باوجود بل گیٹس کو سادہ زندگی گزارنے اور گھریلو کام کرتے ہوئے دیکھنے پر بھی ان کی تعریفیں کی جاتی رہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:  کون سا رنگ کس چیز کو ظاہر کرتا ہے؟

بل اور ملنڈا گیٹس کے تین بچے ہیں، جن میں سے سب سے بڑی بیٹی جینیفر کیتھرائن گیٹس کی عمر 25 سال ہے جب کہ ان کے دو بیٹے بھی ہیں اور ان کی عمریں بھی 20 سال سے زائد ہیں۔

تین دہائیوں سے زیادہ عرصے تک جوڑے کی صورت میں تعلقات میں رہنے اور 27 سال تک ازدواجی زندگی گزارنے کے دوران کبھی بھی بل اور ملنڈا گیٹس کے درمیان کشیدہ تعلقات کی خبریں سامنے نہیں آئی تھیں اور اب اچانک دونوں نے شادی ختم کرنے کا اعلان کرکے دنیا کو حیران کردیا۔

دونوں نے 4 مئی کو اپنی ٹوئٹس میں تصدیق کی کہ دونوں نے مشترکہ طور پر 27 سالہ شادی ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔دونوں نے اپنی ٹوئٹس میں بتایا کہ کئی سال تک ایک ساتھ زندگی گزارنے کے بعد اب انہیں احساس ہونے لگا ہے کہ اب وہ شادی شدہ جوڑے کی صورت میں مزید آگے نہیں چل سکتے اور نہ ہی ترقی کرسکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:  رچرڈ برانسن خلا کا کامیاب سفر کرنے کے بعد واپس لوٹ آئے

دونوں نے ٹوئٹس میں تصدیق کی کہ اگرچہ انہوں نے شادی ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاہم وہ مشترکہ طور پر اپنے تمام کاروباری اور فلاحی منصوبے چلائیں گے۔

بل گیٹس کے پاس 130 ارب ڈالر کی دولت ہے اور وہ دنیا کے چوتھے امیر ترین شخص ہیں۔بل گیٹس کی دولت کے علاوہ فلاحی تنظیم بل اینڈ ملنڈا گیٹس فاونڈیشن کی مالیت بھی اربوں ڈالرز میں ہے اور وہ اس وقت دنیا کی بڑی فلاحی تنظیموں میں سے ایک ہے جو زیادہ تر بچوں اور خواتین کی ویکسینیشن، غذائیت، ماحول اور غربت کے خاتمے پر کام کرتی ہے۔

دونوں نے طلاق کا اعلان ایک ایسے وقت میں کیا ہے جب کہ گزشتہ برس ہی ملنڈا گیٹس نے اربوں ڈالرز کی سرمایہ کاری سے نئی فلاحی تنظیم کے قیام کا اعلان کیا تھا، جو صنفی مساوات پر کام کرے گی۔

فی الحال کوئی بھی نہیں جانتا کہ ان کے طلاق کے معاہدے کی شرائط کیا ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:  تعریف تو بنتی ہے بہادری کی بھی اور آئیڈیا کی بھی