Fardosh_asiq_awan

جو گرمی برداشت کرنے کا حوصلہ نہ رکھتا ہو اسے عوامی شعبے میں نہیں آنا چاہیے:ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

EjazNews

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز رمضان بازار میں ہونے والے واقعے پر میڈیا میں آنے سے قبل عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے رائے طلب کی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ نے رمضان بازاروں میں افرا تفری، ناقص اشیائے خورونوش کی فراہمی اور عوام کی سہولت کے بجائے استحصال کا نوٹس لیا اور واقعے کی خود انکوائری کا فیصلہ کیا ہے اور رپورٹ طلب کرلی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے صوبے میں رمضان بازاروں میں لائن میں لگا کر چینی کی فروخت پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت 20 روپے فی کلو چینی پر سبسڈی دیتے ہوئے عوام کو سستی چینی فراہم کر رہی ہے اور اگر وہاں روزے کے دوران لائنوں میں لگا کر ایک کلو چینی فراہم کی جائے تو یہ حکومت پالیسیوں کے خلاف ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘عوام کے ٹیکس سے تنخواہ لینے والا ہر شخص عوام کے سامنے جوابدہ ہے اور عوام کے حقوق کے تحفظ کا ضامن ہے۔
انہوں نے کہا کہ چند میڈیا نے واقعے کو نیا رخ دیا اور کہا کہ پروٹوکول نہ ملنے کی وجہ سے میں نے غصہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں:  ڈھائی لاکھ ٹوئٹس اور سوشل میڈیا شیئرز ہوئے ہیں، ان میں سے 70 فیصد شیئرنگ ایک سوفٹ ویئر کے ذریعے ہوئی :وزیر اطلاعات

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ ‘کسی بھی خاتون کو مشکل کام کرنا ہو اسے فیلڈ میں جانے کے لیے خود کو تیار کرنا چاہیے، جو ٹھنڈے کمروں سے باہر آکر گرمی برداشت کرنے کا حوصلہ نہ رکھتا ہو اسے عوامی شعبے میں نہیں آنا چاہیے اور آسان راستے اختیار کرنے چاہئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ نامی گرامی شاہی خاندان کے درباریوں کا چینی کی لائنوں سے کوئی لینا دینا نہیں تاہم وہ بھی اس میں کود پڑے۔
انہوں نے کہا کہ ‘کل رمضان بازار میں بد انتظامی کی صورتحال دیکھنے کو ملی تھی، وہاں بیوروکریسی، افسر شاہی کے حوالے سے ایک بیانیہ بنایا گیا اور چیف سیکریٹری کو حقائق مسخ کرکے بتائے گئے اور جس طرح کا رویہ اختیار کیا گیا اس سے پہلے کئی بازاروں اور یوٹیلٹی اسٹورز کا دورہ کیا کہیں ایسا رویہ دیکھنے کو نہیں ملا تھا۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ ‘اس حوالے سے ایک شاہی خاندان کی راجکماری نے اسے اپنی مرضی کا رنگ بھرا اور ایک ایسا منظرنامہ پیش کیا جس سے عوامی نمائندوں اور سرکاری افسران کے درمیان ٹکراؤ کی عکاسی کریں۔

یہ بھی پڑھیں:  منشیات مافیا کیخلاف آئی جی کے پی کے کو چھاپہ مارنے کا کہا، پتہ چلا منشیات مافیا کو پہلے ہی علم ہو گیا تھا:وزیراعظم عمران خان

قبل ازیں انہوں نے پنجاب کابینہ کے اجلاس کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار صاحب کی قیادت میں اہم ترین اجلاس میں 32 تحصیلوں میں مستحق طبقے کے لیے 10 ہزار گھر تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 54 سائٹ پر تعمیر کیے جانے والا سستا گھر اسکیم میں ساڑھے 3 مرلے کے گھر تعمیر کیے جائیں گے جس سے 14 سے 30 ہزار آمدنی والے افراد مستفید ہوں گے جبکہ مکان کی قیمت 14 لاکھ 30 ہزار مقرر کی گئی ہے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ وزیر اعظم 5 مئی کو میگا ہاؤسنگ منصوبے کا افتتاح کریں گے۔

گزشتہ روز ہونے والے واقعے کی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ فردوس عاشق اعوان ایک بچت بازار کا دورہ کرنے کے دوران اسسٹنٹ کمشنر سیالکوٹ سونیا صدف پر بھڑک اٹھی تھیں، وہ اس وقت تک سونیا صدف کو برا بھلا کہتی رہیں جب تک وہ جائے وقوع سے چلی نہ گئیں۔

یہ بھی پڑھیں:  نیب کا رویہ افسوسناک ہے، جمہوری دور میں غیر جمہوری رویہ اپنایا گیا:میاں شہبازشریف

اسسٹنٹ کمشنر سیالکوٹ نے معاون خصوصی کو وضاحت دینے کی کوشش کی تھی لیکن فردوس عاشق اعوان نے ان کی ایک نہ سنی۔
سونیا صدف نے وضاحت دینے کی کوشش کی تھی کہ شدید گرمی کی وجہ سے پھلوں کی کوالٹی متاثر ہوئی لیکن فردوس عاشق نے آرام سے معاملہ نہیں نمٹایا بلکہ کہا کہ یہ آپ کے عملے کا فرض ہے کہ پھلوں کا معیار چیک کریں کیونکہ آپ کو اس کی تنخواہ دی جاتی ہے۔

ویڈیو میں فردوس عاشق اعوان کو کہتے ہوئے سنا گیا کہ ‘ آپ کی حرکتیں ہی نہیں ہیں اے سی(اسسٹنٹ کمشنر) والی’۔

فردوس عاشق اعوان نے نامناسب الفاظ استعمال کرتے ہوئے کہا کہ جس نے آپ کو اے سی لگایا ہے ہم اس سے پوچھتے ہیں، جس کے بعد اسسٹنٹ کمشنر وہاں سے چلی گئیں اور فردوس عاشق اعوان اس کے بعد بھی بولتی رہیں۔