pak_vs_zim_first_test

زمبابوے پہلی اننگز میں 176 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی

EjazNews

ہرارے اسپورٹس کلب میں کھیلے جارہے میچ میں زمبابوے نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو اچھا ثابت نہ ہوا۔

زمبابوے نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو اننگز کے دوسرے ہی اوور میں میزبان ٹیم کا کھاتا کھولنے سے قبل ہی حسن علی نے لیون کسوزا کو چلتا کردیا۔

پرنس مسوارے اور تریسائی مسوکانڈا نے اسکور کو 18 تک پہنچایا ہی تھا کہ شاہین شاہ آفریدی نے 11 رنز بنانے والے مسوارے کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

سکور ابھی 30 تک ہی پہنچا تھا کہ نعمان علی نے مساکانڈا کی وکٹیں بکھیر دیں جبکہ حسن علی نے قائم مقام زمبابوین کپتان برینڈن ٹیلر کو چلتا کردیا۔

zim_vs_pak_test
پاکستان اور زمبابوے کے درمیان ٹیسٹ سیریز کے پہلے دن زمبابوے نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا

30 رنز پر 4 وکٹیں گرنے کے بعد پہلا میچ کھیلنے والے دونوں کھلاڑی ملٹن شمبا اور روئے کائیا وکٹ پر جمع ہوئے اور دونوں کھلاڑیوں نے ذمے دارانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 59 رنز کی شراکت قائم کی۔

اس شراکت کا خاتمہ اس وقت ہوا جب شمبا 27 رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہو کر پویلین لوٹے۔

یہ بھی پڑھیں:  پاکستانی کرکٹرز کے بارے میں شک و شبہ نہیں: رچرڈسن

کائیا نے دوسرے اینڈ سے بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور ریگس چکابوا کے ساتھ مل کرسکور کو 124 تک پہنچا دیا، کائیا 48 رنز بنانے کے بعد حسن علی کی وکٹ بنے۔

پاکستان کو ساتویں کامیابی کے لیے بھی زیادہ انتظار نہیں کرنا پڑا اور حسن علی نے 19 رنز بنانے والے چکابوا کو عمران بٹ کی مدد سے چلتا کیا۔

دوسرے اینڈ سے شاہین شاہ آفریدی نے بھی عمدہ باؤللنگ کرتے ہوئے ٹنڈائی چسورو کو آؤٹ کر کے دوسری وکٹ حاصل کی۔

8وکٹیں گرنے کے بعد ڈونلڈ تریپانو اور بلیسنگ مزربانی نے کچھ ہاتھ دکھاتے ہوئے تیز رفتاری سے رنز اسکور کرنے کی کوشش کی اور نویں وکٹ کے لیے 23 رنز جوڑے لیکن شاہین نے مزربانی کی بھی وکٹیں بکھیر کر ایک اور کامیابی حاصل کی۔

شاہین نے عمدہ باؤلنگ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے رچرڈ نگاروا کو آؤٹ کر کے زمبابوے کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

یہ بھی پڑھیں:  کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے آخر میچ جیت ہی لیا، ملتان سلطان کو شکست

میزبان ٹیم پہلی اننگز میں 176 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، پاکستان کی جانب سے حسن علی اور شاہین نے چار، چار وکٹیں حاصل کیں۔

دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں:

پاکستان: بابر اعظم (کپتان)، عمران بٹ، عابد علی، اظہر علی، فواد عالم، محمد رضوان، فہیم اشرف، نعمان علی، حسن علی، ساجد خان اور شاہین شاہ آفریدی۔
زمبابوے: برینڈن ٹیلر (کپتان)، پرنس مسواورے، کیون کاسوزا، تریسائی مساکڈزا، مِلٹن شمبا، رائے کایا، ریجِس چاکبوا، ڈونلڈ ٹریپانو، ٹینڈائی چیسورو، بلیسنگ موزاربانی اور رچرڈ ناراوا۔