mian_shahbaz_sharif

میاں شہباز شریف ضمانت پر رہائی کے بعد گھر پہنچ گئے

EjazNews

گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے ریفری بینچ نے شہباز شریف کو ضمانت بعد از گرفتاری کی منظوری دی تھی۔

ضمانتی مچلکے جمع کروائے جانے کے بعد جیل حکام کے سامنے عدالت کا روبکار پیش کیا گیا تھا جس کے بعد انہیں فوراً ہی رہا کردیا گیا، جس کے بعد مسلم لیگ کے صدر اپنی ماڈل ٹاؤن رہائش گاہ کے لیے روانہ ہوگئے۔

کوٹ لکھپت جیل کے سپرنٹنڈنٹ اسد وڑائچ نے شہباز شریف کی رہائی کی تصدیق کردی۔

خیال رہے کہ مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں نے اعلان کیا تھا کہ وہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں تیزی کی وجہ سے شہباز شریف کی رہائی پر جشن نہیں منائے گے اور کوئی ریلی نہیں نکالیں گے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل 14 اپریل کو لاہور ہائی کورٹ کے 2 رکنی بینچ کے رکن جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر نے صدر مسلم لیگ (ن) کی ضمانت منظور کی تھی جبکہ جسٹس اسجد جاوید گورال نے اسے مسترد کردیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں:  کورونا کی چوتھی لہرجولائی میں آسکتی ہے، وفاقی وزیر نے خبردار کر دیا

چنانچہ یہ معاملہ ریفری جج کی نامزدگی کے لیے ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کو بھجوایا گیا تھا۔

جس پر ریفری بینچ نے گزشتہ روز سماعت کرتے ہوئے شہباز شریف کی ضمانت منظور کرتے ہوئے رہائی کا حکم دیا اور 50، 50 لاکھ روپے کے 2 مچلکے جمع کروانے کی ہدایت کی۔