India_covid

انڈین عوام کی اس مصیبت کے وقت میں مدد کرنا چاہتے ہیں: فیصل ایدھی

EjazNews

ایدھی فاونڈیشن کی جانب سے انڈین وزیراعظم نریندر مودی کے نام خط میں کورونا کی بدترین صورتحال کے شکار انڈین عوام کی مدد کی پیشکش کی گئی ہے۔

ایدھی فاونڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی کی جانب سے کی گئی پیشکش میں ایمبولینسوں اور رضاکاروں کی ٹیم انڈیا بھیجنے کا کہا گیا ہے۔

فیصل ایدھی کے مطابق اس مصیبت کی گھڑی میں ایدھی فاونڈیشن اور اس کے رضا کار اپنے پڑوسی ملک کی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں، انڈین عوام کی اس مصیبت کے وقت مدد کرنا چاہتے ہیں، اجازت ملنے کی صورت اپنی خصوصی رضا کار ٹیم کے ساتھ انڈیا روانہ ہو جائیں گے۔

خیال رہے کہ انڈیا میں کورونا کی بگڑتی صورتحال اور ایک دن میں نئے کیسز ریکارڈ سطح پر پہنچ جانے کے بعد ہسپتالوں میں آکسیجن اور بیڈز کی شدید قلت نے پریشان کن صورتحال پیدا کر رکھی ہے۔

انڈیا میں وبائی صورتحال کے تشویشناک سطح تک پہنچ جانے کے بعد جہاں مقامی صارفین ایک دوسرے سے گھروں تک محدود رہنے کی اپیل کر رہے ہیں، وہیں خاصی بڑی تعداد انڈیا کی مرکزی اور ریاستی حکومتوں کو صورتحال کی خرابی کا ذمہ داری ٹھہرا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:  وزیراعظم عمران خان جمعہ کو کراچی میں بڑے منصوبوں کا اعلان کریں گے:وزیر اطلاعات

کورونا کی بگڑتی صورتحال پر گفتگو کرنے والوں کا کہنا ہے کہ مودی اور ان کی ٹیم نے انڈیا میں کورونا کی دوسری لہر کو سنجیدگی سے نہیں لیا، مذہبی تہواروں اور انتخابی جلسوں میں ہزاروں افراد شریک ہوئے ہیں جس کی وجہ سے ملک اب اتنے مشکل حالات سے گزر رہا ہے۔

کورونا وائرس کے باعث انڈیا میں تیزی سے بڑھتی اموات کے بعد ایک طرف جہاں قبرستانوں اور شمشان گھاٹوں میں جگہ کی قلت کی رپورٹس سامنے آ رہی ہیں وہیں طبی مراکز میں آکسیجن کی قلت اور دیگر حادثات میں قیمتی انسانی جانیں ضائع ہو رہی ہیں۔