saad rizvi

تحریک لبیک کے سربراہ سعدی رضوی کو رہا کر دیا گیا

EjazNews

تحریک لبیک کے سربراہ رہائی کے فوری بعدیتیم خانہ چوک پہنچے جہاں ان کا کارکنان سے خطاب متوقع ہے۔

سعد رضوی کی رہائی قومی اسمبلی کے اجلاس میں فرانسیسی سفیر کو واپس بھیجنے کی قرارداد پیش کیے جانے سے چند گھنٹے قبل سامنے آئی ہے۔

فرانسیسی سفیر کو ملک سے واپس بھیجنا ٹی ایل پی کا بنیادی مطالبہ ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے اعلان کیا تھا کہ حکومت پاکستان، فرانسیسی سفیر کو ملک بدر کرنے کی قرارداد آج قومی اسمبلی میں پیش کرے گی۔

ایک ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ حکومت پاکستان اور کالعدم تحریک لبیک پاکستان کے مابین ہونے والے طویل مذاکرات کے بعد کیا گیا۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ تحریک لبیک ملک بھر بالخصوص مسجد رحمتہ اللعالمین سے دھرنے ختم کرنے پر رضامند ہوگئی ہے اور بات چیت کا سلسلہ مزید آگے بڑھایا جائے گا۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ٹی ایل پی کارکنان کے خلاف درج کیے گئے تمام مقدمات بشمول فورتھ شیڈول کے واپس لیے جائیں گے اور اس حوالے سے مزید تفصیلات آج پریس کانفرنس کر کے جاری کی جائیں گی۔

یہ بھی پڑھیں:  احتساب کی راہ میں کسی کو نہیں آنے دیں گے : وزیراعظم عمران خان

یہ اعلان وزیر مذہبی امور اور وزیر داخلہ شیخ رشید پر مشتمل حکومتی ٹیم کے ٹی ایل پی رہنماوں کے ساتھ مذاکرات کے تیسرے دور کے بعد کیا گیا۔

قبل ازیں مذاکرات کے دوسرے دور میں گورنر پنجاب چوہدری سرور اور صوبائی وزیر قانون راجا بشارت نے حکومت کی نمائندگی کی تھی۔

اس سے قبل کوٹ لکھپت جیل میں ٹی ایل پی کے سربراہ سعد رضوی اور حکومتی ٹیم کے مابین 7 گھنٹے طویل مذاکرات کے تینوں ادوار بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوگئے تھے۔