Protest_saad_Rizvi_8

کالعدم تنظیم (تحریک لبیک )کیخلاف آپریشن ، متعدد افراد جاں بحق

EjazNews

لاہور کے یتیم خانہ چوک کے اطراف میں کالعدم تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے احتجاجی کارکنوں سے علاقے کو خالی کرانے کے لیے کیے گئے آپریشن میں 3 افراد جاں بحق جبکہ پولیس اہلکاروں سمیت دیگر متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ مذکورہ علاقے میں ٹی ایل پی کا احتجاج رواں ہفتے سے جاری ہے۔

علاوہ ازیں پنجاب پولیس نے سماجی ٹوئٹر پر ایک بیان جاری کیا جس میں کہا گیا کہ آج صبح چند عناصر نے نواں کوٹ پولیس اسٹیشن پر حملہ کیا جہاں پولیس اور رینجرز اہلکار تھانے میں محصور ہو کر رہ گئے۔بیان میں کہا گیا کہ مظاہرین نے ڈی ایس پی نواں کوٹ کو اغوا کرکے انہیں مرکز پہنچایا۔پنجاب پولیس کے مطابق شر پسند عناصر ایک آئل ٹینکر بھی مرکز لے گئے جس میں 50 ہزار لیٹر پیٹرول تھا۔بیان کے مطابق پولیس اور رینجرز نے شرپسند عناصر کو پیچھے دھکیل کر پولیس اسٹیشن کا قبضہ واپس لے لیا۔پنجاب پولیس نے کہا کہ پولیس نے مسجد یا مدرسے کے خلاف کوئی کارروائی کا منصوبہ نہیں بنایا اور نہ ہی آپریشن کیا۔انہوں نے کہا کہ ‘اگر کوئی کارروائی ہے تو اپنے دفاع اور عوامی املاک کے تحفظ کے لیے تھی۔

یہ بھی پڑھیں:  صوبے پوچھ لیتے توکبھی سخت لاک ڈاؤن نہ ہونے دیتے:وزیراعظم

دوسری جانب ایک ویڈیو پیغام میں کالعدم جماعت کے ترجمان شفیق آمینی نے الزام لگایا کہ ‘آج صبح آٹھ بجے لاہور مرکز پر فورسز نے اچانک ہم پر حملہ کیا جس میں ہمارے کارکنوں کی ایک بڑی تعداد شہید ہوگئی ہے جبکہ متعدد زخمی ہیں۔ فرانسیسی سفیر کو ملک سے بے دخل کرنے اور حکومت کے ساتھ طے پانے والے معاہدے کے نفاذ تک شہدا کی تدفین نہیں کریں گے۔

دریں اثنا پولیس عہدیداروں نے تصدیق کی کہ لاہور کے یتیم خانہ چوک پر آپریشن جاری ہے لیکن انہوں نے مزید تفصیلات نہیں بتائیں۔
ٹی ایل پی نے پنجاب پولیس کے ایک اعلیٰ عہدیدار کی ویڈیو بھی شیئر کی جسے مبینہ طور پر کالعدم تنظیم کے کارکنوں نے پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔

زخمی پولیس اہلکار نے بتایا کہ علاقے کو کارکنوں سے صاف کرنے کے لیے ایک آپریشن کیا جارہا تھا جب انہیں ‘مشتعل ہجوم نے ‘پکڑ لیا۔
سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو معروف اینکر سمیع ابراہیم کی بھی گردش کر رہی ہے جو عوام کے ساتھ حکومت اور دوسرے اینکرز سے درخواست کر رہے ہیں کہ کالعدم تنظیم کیخلاف آپریشن کو روکا جائے۔ ان سے بات چیت کی جائے۔

یہ بھی پڑھیں:  سعودی ولی عہد محمد بن سلمان جدید سوچ کے حامل حکمران

یاد رہے کہ وزارت داخلہ نے 15 اپریل کو تحریک لبیک پاکستان کو کالعدم قرار دیا تھا بعدازاں پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے جماعت کی میڈیا کوریج پر بھی پابندی عائد کردی تھی۔

اس سے قبل وزیر اعظم عمران خان نے کہا تھا کہ تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے خلاف ریاست کی عملداری کو چیلنج کرنے پر انسداد دہشت گردی قانون کے تحت کارروائی کی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ میں وزیر اعظم نے کہا تھا کہ ‘میں اندرون اور بیرون ملک لوگوں کو واضح کرنا چاہتا ہوں کہ ہماری حکومت نے تحریک لبیک پاکستان کے خلاف انسداد دہشت گردی قانون کے تحت اس وقت کارروائی کی جب انہوں نے ریاست کی عملداری کو چیلنج کیا اور پرتشدد راستہ اختیار کرتے ہوئے عوام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملے کیے۔