pak_vs_sa_final

پاکستانی ٹیم کی شانداری کارکردگی ، ون ڈے کے بعد ٹی20سیریز بھی جیت لی

EjazNews

نچورین میں کھیلے گئے سیریز کے چوتھے اور آخری ٹی20 میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر ایک مرتبہ پھر جنوبی افریقہ کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔

جنوبی افریقہ نے اننگز کا آغاز کیا تو انہیں پہلا اور سب سے بڑا نقصان اس وقت پہنچا جب گزشتہ تینوں میچوں میں نصف سنچری بنانے والے ایڈن مرکرم صرف 11 رنز بنانے کے بعد حسن علی کی وکٹ بن گئے۔

پہلی وکٹ گرنے کے بعد جینمن ملان کا ساتھ دینے راسی وین ڈر ڈوسن آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے ذمے دارانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 57 رنز کی شراکت قائم کی جو جنوبی افریقی اننگز کی سب سے بڑی شراکت ثابت ہوئی، ملان 33 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔

ڈوسن نے کپتان ہنری کلاسن کے ساتھ مل کر ٹیم کی سنچری مکمل کرائی اور اسکور کو 109 تک پہنچا دیا لیکن اسی اسکور پر کلاسن اور پھر 52 رن بنانے والے ڈوسن بھی چلتے بنے۔

یہ بھی پڑھیں:  پہلا ٹی ٹونٹی پاکستانی ٹیم نے جیت لیا، انگلینڈ کو شکست

ان دونوں کھلاڑیوں کے آؤٹ ہونے کے بعد جنوبی افریقی ٹیم سنبھل نہ سکی اور وقتافوقتاً وکٹیں گنواتی رہی اور اننگز کے آخری اوور میں 144 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
پاکستان کی جانب سے حسن علی اور فہیم اشرف تین وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب باؤلر رہے جبکہ حارث رؤف نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستان نے اننگز کا آغاز کیا تو دوسری ہی گیند پر محمد رضوان بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے تاہم اس کے بعد فخر زمان اور بابر اعظم نے عمدہ شراکت سے ابتدائی نقصان کا ازالہ کردیا۔

دونوں کھلاڑیوں نے 91 رنز کی شاندار شراکت قائم کی اور پاکستان کی جیت راہ ہموار کردی، فخر زمان 34 گیندوں پر 4 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 60 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد پویلین لوٹے۔

فخر کے آؤٹ ہونے کے بعد بابر بھی 23 گیندوں پر 24 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہو گئے۔

اس موقع پر پاکستان کو 10 اوورز میں فتح کے لیے 47 رنز درکار تھے اور ایسا محسوس ہورہا تھا کہ گرین شرٹس باآسانی فتح حاصل کرلیں گے لیکن مڈل آرڈر بلے بازوں کے غیرذمے دارانہ کھیل نے آسان فتح کو بھی محال بنا دیا۔

یہ بھی پڑھیں:  کراچی کنگز نے بآسانی ہدف پورا کر کے فتح حاصل کر لی

حفیظ 10، حیدر علی 3، آصف علی 5 اور فہیم 7 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کو آخری 10 گیندوں پر فتح کے لیے 16 رنز درکار تھے لیکن محمد نواز نے اختتامی لمحات میں دو چھکے لگا کر پاکستان کو ایک گیند قبل ہی فتح سے ہمکنار کرا دیا۔

اس میچ میں پاکستان نے 3 وکٹوں سے فتح حاصل کی اور سیریز بھی 1-3 سے اپنے نام کر لی۔

فہیم اشرف کو 17 رنز کے عوض تین وکٹیں لینے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جبکہ بابر اعظم سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔