s suleman1

معروف پاکستانی ہدایت کار ایس سلیمان انتقال کر گئے

EjazNews

ایس سلیمان طویل عرصے سے گردوں کے عارضے میں مبتلا تھےاور14 اپریل کی صبح وہ انتقال کر گئے۔ان کی اہلیہ اور معروف اداکارہ زری بیگم نے ایس سلیمان کے انتقال کی تصدیق کی۔

انہوں نے بتایا کہ ایس سلیمان گزشتہ ایک سال سے مختلف اوقات میں نجی ہسپتال میں زیر علاج رہے لیکن 2 روز قبل ان کی حالت زیادہ بگڑ گئی تھی۔

ایس سلیمان کی اہلیہ نے بتایا کہ ان کا بڑا بیٹا بیرون ملک مقیم ہے اور وہ 15 اپریل کی رات تک لاہور پہنچے گا۔ 16 اپریل بروز جمعہ کو لاہور کی نجی سوسائٹی میں ایس سلیمان کی نماز جنازہ ادا کی جائے گی۔

ایس سلیمان 60ء کی دہائی کے دومعروف ترین ہیروز سنتوش کمار اور درپن کے چھوٹے بھائی تھے۔انہوں نے 1961 سے 1998 کے دوران 48 فلموں کی ہدایات دیں جن میں سے 2 فلمیں پنجابی زبان میں ریلیز ہوئی تھیں۔
ایس سلیمان صرف 21 برس کی عمر میں اپنی پہلی فلم کی ہدایات دی تھیں اور انہوں نے متعدد ٹی وی سیریلز کی ہدایات بھی دیں۔انہوں نے سب سے زیادہ فلمیں اداکار محمد علی اور ندیم بیگ کے ساتھ بنائیں جو 70 کی دہائی کے اواخر میں ریلیز ہوئیں۔

یہ بھی پڑھیں:  ثمینہ احمد ، منظر صہبائی کی شادی اورسوشل میڈیا

ایس سلیمان کی کامیاب ترین فلموں میں ‘گلفام، ‘باجی، زینت، ‘الزام اور ‘تصویرشامل ہیں۔انہیں حکومت پاکستان کی جانب سے ستارہ امتیاز اور پرائیڈ آف پرفارمنس سے بھی نوازا گیا تھا جبکہ انہیں 10 نگار ایوارڈز سے بھی نوازا گیا تھا۔