Tahreek labek

تحریک لبیک کے سربراہ کی گرفتاری:کہیں شاہراہ کلیئر کہیں دھرنا جاری

EjazNews

تحریک لبیک پاکستان کے کارکنوں کا اپنے رہنما کی گرفتاری کے خلاف ملک کے مختلف شہروں میں احتجاج جاری رکھا ہوا۔ لاہور، اسلام آباد اور کراچی سمیت کئی شہروں میں بعض مقامات پر سڑکیں بدستور بند ہیں جس کی وجہ سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہے۔

پاکستان میں جاری مذہبی سیاسی جماعت تحریک لبیک پاکستان کے احتجاج کی شدت میں قدرے کمی آئی ہے۔ پولیس کے مطابق ملک کے مختلف حصوں میں احتجاج کے باعث بند شاہراہیں جزوی طور پر کھلوائی گئی ہیں۔

یہ احتجاج ٹی ایل پی کے سربراہ سعد رضوی کی لاہور میں گرفتاری کے بعد شروع ہوئے تھے۔

ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق پنجاب میں ملک کی بڑی شاہراہوں کو 22 مقامات پر بند کیا گیا تھا جن میں سے آٹھ مقامات پراب ٹریفک رواں دواں ہے۔ لاہوراسلام آباد موٹروے کا فیض پور انٹرچینج جو پیر سہ پہر چار بجے بند کیا گیا تھا اسے منگل کی صبح پانچ بجے مظاہرین کے منتشر ہونے کے بعد کھول دیا گیا ہے۔
اسی طرح لاہور ملتان موٹروے کا شرقپور انٹرچینج بھی صبح سات بجے کلیئر کروا لیا گیا ہے اور یہ بھی عام ٹریفک کے لیےکھلا ہے۔ پولیس کے مطابق لاہور اسلام آباد موٹر وے کے تمام انٹرچینج دونوں اطراف سے اس وقت کھلے ہیں اور عوام موٹر پر سفرکر سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:  گلگت بلتستان الیکشن :بلاول بھٹو زرداری کا مبینہ دھاندلی کیخلاف احتجاج

جی ٹی روڈہٹیاں، کامونکی، چیچہ وطنی، جوہی موڑ اور سادھوکی کے مقامات پر کلیئرکروا لیا گیا ہے لیکن اٹیکسلا، گجرخان، روات، دینہ، لالہ موسی، چن دا قلعہ، مریدکے اور رینالہ خورد کے مقام ابھی بھی بند ہیں۔
پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور میں شہر کی سڑکیں جزوی طور پر کھلوا لی گئی ہیں۔ رات گئے پولیس نے شاہدرہ چوک میں آپریشن کر کے مظاہرین کو منتشر کیا اور ہسپتالوں میں آکسیجن کی فراہمی کو بحال کیا۔
پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپوں کی اطلاعات بھی موصول ہوئیں تاہم پولیس نے اس حوالے سے ابھی تک تفصیلات میڈیا کو فراہم نہیں کی ہیں۔فیروز پور روڈ اور ملتان روڈ ابھی بھی احتجاج کے باعث بند ہیں تاہم پولیس نے کینال روڈ کو کلیئرکروا لیا ہے۔

مذہبی جماعت سے وابستہ کارکنوں کی جانب سے منگل کی صبح بھی کراچی کے کچھ علاقوں میں دھرنا دیا جا رہا ہےجس کے باعث سڑک بلاک ہے۔ بلدیہ حب ریور روڈ اور کورنگی ڈھائی نمبرپر دھرنا جاری ہے جس کی وجہ سے کورنگی ڈھائی سے تین نمبر جانے والی سڑک ٹریفک کے لیے بند ہے۔

یہ بھی پڑھیں:  عالمی قوانین کا جائزہ لیں تو یہ محض ڈاکٹر آسیہ اندرابی کا جوڈیشل قتل ہوگا:شیری مزاری

ٹریفک پولیس کی جانب سے فراہم کردہ اطلاعات کے مطابق شارع فیصل سٹار گیٹ پر بڑی تعداد میں پولیس کی نفری موجود ہے۔

مظاہرین کی جانب سے بار بار سڑک کو بند کیا جارہا ہے تاہم پولیس کی جانب سے سڑک کھلوا کر اضافی نفری تعینات کردی گئی ہے جس کے بعد ملیر سے ایئرپورٹ آنے اور جانے والی سڑک کو ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مظاہرین ابھی بھی سڑک کے اطراف موجود ہیں اور ان کی جانب سے بار بار مداخلت کے باٰعث ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی ہے۔

دوسری جانب اورنگی ٹاون نمبر 5 میں جاری دھرنا ختم کر کے ٹریفک بحال کردیا گیا ہے۔