Facebook_socialMedia

فیس بک کے 50کروڑ صارفین کا ڈیٹا ہیک کر لیا گیا

EjazNews

فیس بک کے 50 کروڑ سے زائد صارفین کی ذاتی معلومات ایک آن لائن ہیکنگ فورم پر شائع کر دی گئی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق 53 کروڑ 30 لاکھ فیس بک صارفین کے لیک ہونے والے ڈیٹا میں ان کے فون نمبرز، ای میل ایڈریس اور دیگر ذاتی معلومات شامل ہیں۔

سائبر کرائم انٹیلی جنس کمپنی ہڈسن راک کے چیف ٹیکنالوجی افسر ایلن گال نے لیک ہونے والے ڈیٹا کی تصاویر اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر شائع کرتے ہوئے فیس بک کو قصوروار ٹھہرایا ہے۔

ایلن گال نے کہا کہ فیس بک نے صارفین کی ذاتی معلومات میں غفلت برتنے کی غلطی کو ابھی تک نہیں تسلیم کیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ عین ممکن ہے کہ صارفین اپنے اکاؤنٹ تک رسائی حاصل کرنے کے لیے جو فون نمبر استعمال کرتے ہیں، وہ بھی شائع ہو گئے ہوں۔

لیک ہونے والے چند فون نمبر اب بھی فیس بک صارفین کے زیر استعمال ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:  دھیلا، پائی، دمڑی ،پیسہ

ایلن گال کا کہنا ہے کہ صارفین کی ذاتی معلومات تک رسائی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ہیکنگ اور مارکیٹنگ کے مقصد کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔

اس سے پہلے بھی فیس بک کو صارفین کی ذاتی معلومات کی حفاظت نہ کرنے اور ڈیٹا لیک کرنے پر تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

2016 میں سیاسی تحقیقاتی کمپنی کیمبریج اینالیٹکس کی جانب سے 5 کروڑ فیس بک صارفین کا ڈیٹا غیر قانونی طور پر حاصل کرنے کا سکینڈل سامنے آیا تھا۔

فیس بک نے کیمبرج اینالیٹکس کو 2016 کے امریکی صدارتی انتخابات کے موقع پر 5 کروڑ فیس بک صارفین کی اجازت کے بغیر ان کے ڈیٹا تک رسائی دی تھی۔