Airport

برطانیہ کی جانب سے سفر ی پابندیوں کی ریڈ لسٹ میں پاکستان بھی شامل

EjazNews

برطانیہ نے کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر پاکستان کو بھی سفری پابندیوں کی ریڈ لسٹ میں شامل کر دیا ہے جس کے بعد وہ پاکستانی جن کے پاس برطانیہ میں رہائشی حقوق نہیں ہیں برطانیہ نہیں جا سکیں گے۔

برطانیہ کی جانب سے اس پابندی کا اطلاق آئندہ جمعہ یعنی 9 اپریل کو ہوگا۔ پاکستان کے ساتھ بنگلہ دیش، کینیا اور فلپائن کو بھی اس فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔

برطانوی ہائی کمشنر کا کہنا ہے کہ برطانیہ کورونا وائرس کو کنٹرول کرنے کے لیے اپنی سرحدوں کے حوالے سے صورت حال کا بڑی باریک بینی سے جائزہ لیتا رہا ہے۔

اس حوالے اپ ڈیٹ دینا چاہتا ہوں کہ پاکستان کو برطانیہ سفر کرنے کے حوالے سے ریڈ لسٹ میں شامل کر لیا گیا ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ پاکستان سے صرف ان افراد کو برطانیہ سفر کرنے کی اجازت ہوگی جو برطانوی یا آئرش شہری ہیں یا ان کے پاس برطانیہ میں رہائش کے حقوق ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:  پاکستان جونیئر ایشیا ہاکی کپ کے فائنل میں پہنچ گیا

برطانوی ہائی کمشنر کا مزید کہنا تھا کہ ایسے افراد کے لیے بھی برطانیہ پہنچنے پر 10 دن کے لیے قرنطینہ ہوٹل کے اخراجات برداشت کرنا لازمی ہوگا۔ ان اقدامات کا اطلاق آئندہ جمعہ یعنی 9 اپریل صبح چار بجے سے ہوگا۔

کرسچیئن ٹرنر نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان براہ راست پروازیں جاری رہیں گی تاہم ان کا شیڈول متاثر ہو سکتا ہے۔ اس لیے سفر کرنے سے پہلے اپنی متعلقہ ایئر لائن سے معلومات حاصل کر لیں۔

برطانوی ہائی کمشنر نے کہا کہ مجھے معلوم ہے کہ دونوں ملکوں کے مضبوط تعلقات پر یقین رکھنے والوں کے لیے اس خبر کا خیرمقدم نہیں کیا جائے گا۔

انھوں نے کہا کہ برطانیہ سفر کرنے کے حوالے سے ٹریول ایڈوائزری دیکھتے رہیں کہ ان اپ ڈیٹ سے وہ کس طرح متاثر ہوئے ہیں اور قرنطینہ ہوٹل کی بکنگ کیسے کی جا سکتی ہے۔ کیونکہ دس دن کے لیے قرنطینہ ہوٹل میں قیام لازمی ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں:  ہوٹل پارکنگ میں خودکش دھماکے کیلئے 60 سے 80 کلو دھماکا خیز مواد استعمال کیا گیا :شیخ رشید

خیال رہے کہ برطانیہ کی ریڈ لسٹ میں متحدہ عرب امارات، جنوبی افریقہ، قطر، برازیل سمیت 35 ممالک پہلے ہی شامل ہیں۔