Broiler-chicken + sugar

صرف چینی ہی نہیں برائلر مرغی کی قیمت میں بھی تاریخی اضافہ ہو رہا ہے

EjazNews

ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان نے ملک کے مختلف حصوں میں واقعہ 9شوگر ملوں کو بلیک لسٹ قرار دے دیا ہے، بلیک لسٹ قرار دئیے جانے کی وجہ مذکورہ شوگر ملوں کی جانب سے کئے گئے ٹی سی پی معاہدے کی خلاف ورزی بتائی گئی ہے، اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ بلیک لسٹ قرار دی گئیں شوگر ملوں نے ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان سے معاہدہ کیا تھا کہ وہ چینی کی سپلائی جاری رکھیں گی لیکن ان ملوں نے معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئےچینی فراہم نہ کی،یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان نے ان ملوں پر ٹی سی پی ٹینڈر میں شرکت کرنے پر بھی پابندی عائد کردی ہے، بلیک لسٹ قرار دی جانے والی ملوں میں عبداللہ شوگر ملز، حبیب وقاص شوگر ملز، ٹنڈو محمد خان شوگر ملز، حق باہو شوگر ملز، سیری شوگر ملز، تاندلیانوالہ شوگر ملز، مکہ شوگر ملز، عبداللہ شاہ غازی شوگر ملز شامل ہیں۔

وفاقی تحقیقاتی ادارہ ( ایف آئی اے ) نے شوگر سٹہ مافیا گروپوں کے 40 ارکان کے بینک اکائونٹس منجمد کردئیے ہیں جبکہ انہی ارکان کے 100سے زائد جعلی اور بے نامی اکائونٹس کو بھی منجمد کردیا گیا ہے، بتایا گیا ہے کہ ایف آئی اے نے مذکورہ ممبران کے اثاثوں کی چھان بین بھی شروع کردی ہے، ان ممبران پر الزام عائد ہے کہ انہوں نے چینی کا بحران پیدا کر کے 110 ارب روپے عوام کی جیبوں سے ہتھیائے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:  شوکت خانم 2020ء تک سرجری کی سہولت فراہم کرے گا:وزیراعظم

ملک بھر میں اشیائےخوردونوش کی قیمتو ں میں ہوش ربا اضافہ ہوگیاہے،کراچی میں ایک کلو چینی 105روپے اور مرغی کا گوشت 450روپے کلو ہوگیا ہے جب کہ پکانے کا تیل 280 روپے لیٹر پر دستیاب ہے، دالوں کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، اسلام آباد میں بھی چینی ، مرغی، پھل اور سبزی کی بڑھتی قیمتو ں سے شہری پریشان ہیں۔

وفاقی ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق مہنگائی کی شرح 15.35 فیصد تک پہنچ چکی ہے، اوپن مارکیٹ میں چینی کی فی کلو قیمت میں 6روپے اضافہ ہوا جب کہ فی کلو ٹماٹر کی قیمت بھی35 روپے سے بڑھ کر 70 روپے ہوگئی، مرغی کے گوشت کی قیمت 380 روپے سے 410 روپے فی کلو تک پہنچ گئی۔گوجرانوالا میں بکرے کا گوشت 900 کے بجائے 1200 روپے کلو ہوگیا اور مرغی کے گوشت کی قیمت میں فی کلو 25 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔ پشاورمیں پھل، سبزی اور دالوں کی قیمتوں میں10 سے 15 روپے فی کلو اضافہ ہوا ہے۔کوئٹہ میں سوروپے کے اضافےکے بعد بکرے کا گوشت 1200روپے کلو اور مرغی کا گوشت 420 روپے کلو ہوگیا۔ملتان میں ایک ہفتہ کےدوران چینی ، گھی ، پھلوں اورگوشت کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا۔

یہ بھی پڑھیں:  نفرتوں کی بھینٹ چڑھنے والے شاکر اللہ کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی

وزارت خزانہ کی رپورٹ کے مطابق جولائی سے فروری تک مہنگائی کی اوسط شرح 8 اعشاریہ 3 فیصد رہی جب کہ آئندہ مہینوں میں ساڑھے 9 فیصد تک بڑھنے کا خدشہ ہے۔

لاہور میں ایک ہفتے کے دوران برائلر مرغی کے گوشت کی قیمت میں فی کلو 54 روپے تک اضافہ ہوا،ذرائع کے مطابق سرکاری ریٹ لسٹ میں گزشتہ روز برائلر مرغی کے گوشت کی قیمت میں 6 روپے فی کلو مزید اضافہ کرکے سرکاری ریٹ 357 روپے سے بڑھ کر 363 روپے فی کلو ہو گیا ہے، زندہ برائلر مرغی کا تھوک ریٹ 245 روپے جبکہ پرچون ریٹ 250 روپے فی کلو جاری کیا گیا،جبکہ صافی گوشت کے نام پر450 روپے فی کلو سے زائد میں فروخت جاری رہی ، فارمی انڈوں کا ریٹ گرم موسم کے باوجود166 روپے فی درجن پر برقرارہے اور انڈوں کی پیٹی 4 ہزار860 روپے میں فروخت کی گئی،چینی 110روپے فی کلو تک پہنچ گئی،آٹا،سبزیاں بھی سرکاری لسٹ کے برعکس فروخت ہوتی رہیں۔ چینی سرکاری ریٹ 92روپے جبکہ اوپن مارکیٹ میں 110روپے فی کلو تک فروخت ہو رہی ، آٹے کا 20کلو کا تھیلا سرکاری قیمت 860روپے جبکہ اوپن مارکیٹ میں گیارہ سو روپے میں فروخت جاری ہے ۔سبزیوں کی سرکاری ریٹ لسٹ میں آلو درجہ اول کی قیمت 36 روپےجبکہ اوپن مارکیٹ میں 65روپے سے زائد ہے ، سرکاری ریٹ لسٹ میں پیاز درجہ اول 26روپے فی کلو جبکہ اوپن مارکیٹ میں 50 روپے سے زائد،ٹماٹر کی قیمت 45 روپے جبکہ اوپن مارکیٹ میں 100 روپے سے زائد،، لہسن کی قیمت 150 روپے جبکہ 250روپے سے زائد،ادرک کی قیمت 275 روپے جبکہ 400سے بھی زائدمیں فروخت جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیں:  کسی سرکاری ملازم کا تشدد کرنا ثابت ہوگیا تو اس کو کتنا جرمانہ اور سزا ہوگی؟ - بل سینٹ سے منظور