hasan ali

حسن علی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا

EjazNews

دورہ جنوبی افریقہ کے لیے اعلان کردہ پاکستان کے 35 رکنی اسکواڈ کے کووڈ-19 کے ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے حسن علی کا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے۔

حسن علی کا ٹیسٹ ان کے آبائی شہر گوجرانوالہ میں لیا گیا جہاں ان میں وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد انہوں نے خود کو قرنطینہ کر لیا ہے۔

حسن علی کا کل دوبارہ کووڈ-19 کا ٹیسٹ کیا جائے گا اور اس کے نتائج آنے کے بعد ان کی جنوبی افریقہ روانگی کے حوالے سے حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔اس سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری اعلامیے میں ایک کھلاڑی میں وائرس کی تصدیق کی گئی تھی۔

پی سی بی کے اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ دورہ جنوبی افریقہ کے لیے اعلان کردہ قومی ٹیم کے وائٹ بال سکواڈ میں شامل 35 افراد کے کووڈ-19 کے ٹیسٹ لیے گئے اور 16 مارچ کو کروائی گئی اس ٹیسٹنگ میں صرف ایک کھلاڑی کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:  ٹوکیو اولمپکس: میاں چنوں سے تعلق رکھنے والے ارشد ندیم فائنل راﺅنڈ میں پہنچ گئے

اس کے علاوہ بقیہ 34 افراد کے ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آئی ہے اور وہ 18 مارچ بروز جمعرات کو لاہور پہنچ جائیں گے۔
قومی اسکواڈ کا تربیتی کیمپ 19 مارچ بروز جمعہ سے قذافی سٹیڈیم لاہور میں شروع ہو گا۔

بورڈ نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ جس کھلاڑی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے، اس کا اب دوبارہ جمعرات کو اس کی رہائش گاہ پر ٹیسٹ لیا جائے گا اور ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آنے پر لاہور جانے کی اجازت دی جائے گی اور جہاں 2 روزہ آئسولیشن کے بعد مذکورہ کھلاڑی کا تیسرا ٹیسٹ لیا جائے گا۔