prince-william

ہمارا خاندان نسل پرست نہیں:شہزادہ ولیم

EjazNews

برطانوی شہزادے ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مرکل کی جانب سے شاہی خاندان پر نسل پرستی کے الزامات کے بعد شہزادہ ولیم برطانوی شاہی خاندان کے دفاع میں میدان میں آگئے ہیں۔

برطانوی میڈیا کے مطابق جمعرات کو شہزادہ ولیم نے مشرقی لندن میں واقع ایک سکول کے دورے کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا خاندان نسل پرست نہیں ہے۔اتوار کو امریکہ میں انٹرویو نشر ہونے کے بعد سے ابھی تک ان کی شہزادہ ہیری سے بات نہیں ہوئی ہے۔ میں ابھی تک ان سے بات نہیں کر سکا ہوں لیکن میں کروں گا۔

شہزادہ ہیری اور میگھن کے الزامات کے بعد ہر کوئی ملکہ الزبتھ کے بیان کا شدت سے انتظار کر رہا تھا اور بالآخر انہوں نے اپنی خاموشی توڑی۔

بکنگھم پیلس کی جانب سے بیان میں کہا گیا کہ ملکہ الزبتھ، شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن کو درپیش مشکلات پر افسردہ ہیں اور شاہی خاندان پر نسل پرستی کے الزامات کو سنجیدگی سے لے رہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:  دوسرے ملکوں کی ترقی کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرنے والوں کو ناکامی ہوگی:چینی صدر

بیان میں یہ بھی واضح کیا گیا تھا کہ بکنگھم پیلس جوڑے کے ان الزامات کا بھی جائزہ لے رہا ہے جن میں کہا گیا تھا کہ شاہی خاندان کے ایک رکن نے شہزادہ ہیری سے ان کے بیٹے کی پیدائش سے پہلے یہ جاننا چاہا تھا کہ ان کے بچے کی ر نگت ‘کتنی سانولی ہوگی۔

شہزادہ چارلس کی جانب سے ابھی تک کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے تاہم انہیں لندن میں ایک نائجیرین مسیحی چرچ کا دورہ کرتے دیکھا گیا جہاں کے پادری سیاہ فام افراد کو ویکسین لگوانے کی مہم چلا رہے ہیں۔

برطانیہ کے شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مرکل نے معروف امریکی ٹی وی میزبان اوپرا ونفری کو دو گھنٹے کا طویل انٹرویو دیا تھا۔
شاہی خاندان سے ایک سال قبل علیحدگی کے بعد اپنے پہلے ٹی وی انٹرویو میں میگھن مرکل نے کہا کہ انہیں شاہی خاندان کی جانب سے تحفظ نہیں ملا، شاہی خاندان کو یہاں تک اعتراض تھا کہ ہمارے بچے کی رنگت کالی ہوگی۔ بچے کی پیدائش کے بعد شاہی خاندان کی تصویر کھنچوانے کے بارے میں پوچھا تک نہیں گیا۔

یہ بھی پڑھیں:  سرکاری رہائش گاہ کی تزئین و آرائش کے اخراجات پر برطانوی وزیراعظم کی مشکلات