shiblifaraz_islamabad

وزیراعظم کو اعتماد کا ووٹ ملنے سے پورے ملک میں خوشی کی لہر دوڑ گئی:شبلی فراز

EjazNews

میڈیا بریفنگ کے دوران انہوں نے کہاکہ ملک میں معاشی ترقی کے ثمرات عوام تک پہنچیں گے اور مہنگائی کی وجوہات مختلف ہیں لیکن اس میں کچھ ہمارے ہاتھ میں نہیں ہے۔ بعض چیزیں بر آمد کی جاتیں ہیں اس کے باوجود ٹارگیٹڈ سبسڈی دیں گے تاکہ صاحب ثروت کے بجائے مستحق افراد کو فائدہ پہنچے۔ مہنگائی کو کنٹرول میں رکھنے کے لیے 3 ماہ قبل کام شروع ہوا تھا بہت جلد اس کے ثمرات دیکھیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف جن قوتوں کے ساتھ کرپشن کے خاتمے کے لیے جنگ میں مصروف ہے اس کی نمائندگی پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کررہی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ قوتیں ہیں جنہوں نے اس ملک کی اخلاقیات کو تباہ و برباد کیا۔ تحریک انصاف، جمہوری پارٹی ہےاور صرف جمہوریت پر یقین رکھتی ہے اور عمران خان نے ہمیشہ اخلاقیات پر مبنی سیات کی ہے۔ قومی اسمبلی سے وزیر اعظم کو اعتماد کا ووٹ ملنے سے پورے ملک میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔پی ڈی ایم دراصل ان جماعتوں کی نمائندہ تنظیم ہے جنہوں نے اپنے مفادات کو ہمیشہ اولین اہمیت دی۔ وہ کیسے اپنے مفادات کے خلاف قانون سازی کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں:  مولانا فضل الرحمٰن کو پیپلز پارٹی کی اخلاقی مدد ملے گی

ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جماعتوں نے سیاست کو کاروبار کے فروغ کے لیے استعمال کیا اس طرح عوام کی حالت بہتر نہیں ہوئی بلکہ اپوزیشن رہنماؤں کی جائیدادوں میں اربوں روپے اضافہ ہوا۔

شبلی فراز نے سوال اٹھایا کہ کیا وجہ ہے مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی محض ایک صوبے تک محدود ہوگئی ہے جبکہ ماضی میں اس کی نمائندگی چاروں صوبوں میں تھی۔ تحریک انصاف کی تمام صوبوں میں نمائندگی ہے اس کی بنیادی وجہ نظریہ ہے جس پر ہم قائم رہے اور وہ کرپشن کے خلاف اور انصاف کی ترقی ہے۔ اب اپوزیشن جماعتوں کا ضمیر نہیں رہا جس کی ایک حالیہ مثال یوسف رضا گیلانی کے بیٹے کی ویڈیو منظر عام پر آنے سے ملتی ہے۔