maryam nawaz

ہمیں دکھ ہے کہ آپ ہماری مہمان تھی اور اس طرح کا واقعہ پیش آیا:بلاول

EjazNews

اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کے صدر مولانا فضل الرحمن نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز اور دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم کے رہنما کیپٹن صفدر کو ہوٹل سے گرفتار کیا گیا جب ان کی اہلیہ بھی وہاں موجود تھی۔ رینجرز نے ان کے کمرے پر دھاوا بولا اور دروازہ توڑا، کیا ہمارے معاشرے میں ایک خاتون کی یہ عزت ہے۔

مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ حکومت سندھ نے اس حوالے سے اپنا موقف دیا ہے کہ وزیراعلیٰ کو اس معاملے سے بے خبر رکھا گیا جس کے بعد واضح ہوگیا ہے کہ حکومت کس کی ہے۔ اس سے لگتا ہے کہ موجودہ حکومت کے جانے کا وقت آگیا ہے کیونکہ آخری وقت میں اسی طرح کے حربے آزمائے جاتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ میری بلاول بھٹو سے بھی بات ہوئی ہے اور یہاں پر پی پی پی کے سینئر نائب صدر راجہ پرویز اشرف اور صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ بھی موجود ہیں جس سے ان لوگوں کے عزائم خاک میں مل گئے ہیں جن کا خیال تھا کہ پی ڈی ایم میں دراڈ پڑے گی۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے لوگوں نے خانہ کعبہ میں نواز شریف کے خلاف نعرے لگائے اور تقدس پامال کیا۔
جبکہ مریم نواز شریف کاکہنا تھا پی ڈی ایم اور دیگر تمام افراد جنہوں نے فون کرکے تشویش کا اظہار کیا ان کا شکریہ ادا کرتی ہوں۔

یہ بھی پڑھیں:  عزت سے انہیں تاج پہنانا جس پر لکھا ہو کشمیر فروش:مریم نواز

کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری سے متعلق ان کا کہناتھا صبح 6 بجے کے قریب ہم سو رہے تھے کہ ہمارے کمرے کا دروازہ زور زور سے کھٹکھٹایا گیا اور جب صفدر نے دروازہ کھولا تو باہر پولیس کھڑی تھی اور انہوں نے کہا کہ گرفتار کرنے آئے ہیں۔ صفدر نے کہا کہ میں واپس آتا ہوں اور یہ کہہ کر اندر آئے تو پولیس نے دروازہ توڑ کر اندر داخل ہوئے اور انہیں گرفتار کرکے لے گئے۔

مریم نواز نے کہا کہ بلاول بھٹو نے فون کرکے کہا کہ ہمیں دکھ ہے کہ آپ ہماری مہمان تھی اور اس طرح کا واقعہ پیش آیا اور اسی طرح وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بھی فون کرکے کہا کہ ہم شرمندہ ہیں کہ اس طرح کا واقعہ ہوا۔ مجھے ایک لمحے کے لیے بھی ایسا نہیں لگا کہ پیپلزپارٹی نے یہ سب کچھ کیا، ہم جانتے ہیں کہ اس کے پیچھے کیا کھیل کھیلا جارہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:  فلسطینیوں پر مسلط جنگ روک دی گئی

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں پتہ ہے کہ یہ چیزیں ہوگی جس کے لیے ہم تیار ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ مزار قائد میں نعرہ لگا لیکن پی ٹی آئی میں عمران خان کی موجودگی میں ہلڑ بازی کی جس کی ویڈیو موجود ہے اور اگر کسی نے مزار قائد پر ان کے ارشاد کے نعرے لگائے اور مادر ملت زندہ باد کے نعرے لگائے تو کیس کیسے بن گیا۔

انہوں نے کہا کہ ووٹ کو عزت دو اور مادر ملت زندہ باد کے نعروں سے کس کو ڈر لگتا ہے میں اچھی طرح جانتی ہوں اور اس نعرے سے ان کو اعتراض ہے جو ووٹ اور عوام کا مینڈیٹ چوری کرکے آئے ہیں، جنہوں نے فاطمہ جناح سے لیکر نواز شریف تک پاکستان کے منتخب نمائندوں کو غدار قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ جو نامعلوم افراد ہیں یہ سب کو معلوم ہے اور خلائی مخلوق سے اگر آپ زمینی مخلوق بن گئے ہیں تو کیا لوگوں کو سمجھ نہیں آئے گی۔
وقاص احمد کی مدعیت میں ایف ائی آر درج کرایا گیا ہے ان کے خلاف قتل کے مقدمات ہیں، کیا آپ کو ایسے لوگ ملتے ہیں ظاہر ہے انہیں اٹھانا نہیں پڑے گا۔

یہ بھی پڑھیں:  کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ایک اور فتح

انہوں نے کہا کہ کیپٹن (ر) کو اعلیٰ سطح سے دھمکیاں آرہی تھیں، اگر کوئی سمجھتا ہے کہ دھمکیوں سے نواز شریف یا مریم نواز مرعوب ہوگی اور پی ڈی ایم اتحاد میں دراڈ آئے تو خام خیالی ہے۔
اس موقع پر راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور حکومت سندھ اس معاملے پر دکھی ہے، اس طرح کی حرکت ہم سوچ بھی نہیں سکتے تھے، کوئی معاشرہ اس طرح کی شرم ناک حرکت کی اجازت نہیں دیتا ہے۔ اس واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، مذمت کا لفظ ہمارے دکھ اور غصے کو کم نہیں کرسکتا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے وزیراعلیٰ کو اس سے بے خبر رکھا گیا اور ان کے علم میں لائے بغیر یہ کام کیا گیا لیکن اس سے ایک بات واضح ہوتی ہے کہ حکومت بوکھلا گئی ہے۔
راجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ اس حکومت کے دن گنے جاچکے ہیں، بلاول بھٹو، آصف زرداری کو اس واقعہ سے دکھ ہے، مریم نواز ہماری مہمان تھی، سندھ کی ثقافت ہے اپنے مہمان کی خاطرداری کی جاتی ہے اس لیے اس واقعہ کی تحقیقات کے لیے کمیٹی بنائی گئی اور تحقیقات کی جائیں گی۔