imran_khan_brt

بی آر ٹی :پرویز خٹک کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں ہم غلط تھے اور آپ درست تھے:وزیراعظم

EjazNews

افتتاح کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہناتھا یہ پاکستان میں سب سے بہترین میٹرو بس سروس منصوبہ ہے اور یہ تھرڈ جنریشن ہے جس کے اثرات پشاور میں پڑیں گے۔ اس منصوبے سے طور خم تک ٹریفک کے مسائل حل ہوں گے، اس کا مرکزی کوریڈور 27 کلومیٹر ہے جبکہ فیڈرز روٹ 60 کلو میٹر ہے جس سے پورا پشاور کور ہوجائے گا اور شہر کے لیے یہ ایک جدید منصوبہ ہے۔ ترقی میں یہ پہلا مرحلہ ہوتا ہے جب جدید سفری نظام فراہم کیا جاتا ہے۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پرویز خٹک نے مجھ سے کہا تھامنصوبہ مکمل ونے دو پھر پتہ چلے گا،مجھے اس منصوبے پر تحفظات تھے لیکن میں آج پرویز خٹک کو خراج تحسین پیش کرنا چاہتا ہوں اور کہتا ہوں کہ ہم غلط تھے اور آپ درست تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ محمود خان نے جوکرایہ رکھا وہ بالکل ٹھیک ہے، ہمارے ہر پروگرام میں یہ ہونا چاہیے کہ عام آدمی کی زندگی کو کیسے بہتر کریں۔ کم از کم 10 اور زیادہ سے زیادہ 50 روپے ٹکٹ ہر کسی کے لیے قابل برداشت ہے اور اس سے مزدوروں اور عام لوگوں کو مدد ملے گی۔ اس منصوبے سے طلبہ کو بھی فائدہ ہوگا اور لوگوں کو ہسپتال جانے میں بھی مدد مل سکے گی۔

یہ بھی پڑھیں:  میڈیا ہائوسز کو 1.1ارب روپے کے بقایا جات ادا کر دئیے ہیں:وزیراطلاعات

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اس منصوبے سے پشاور میں آپ کی فی کس آمدنی بھی بڑھ جائے گی اور شہر کے ٹرانسپورٹ میں بہتری آئے گی۔ان کا کہنا تھا اس منصوبے کی بسز ہائبرڈ ہیں جس سے پشاور میں آلودگی کی سطح کم ہوگی۔

وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان، وزیر دفاع پرویز خٹک اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں