covid-19-world

دنیا بھر میں کورونا کی صورتحال

EjazNews

نیویارک، نئی دہلی، میکسیکوسٹی، ریوڈی جنیرو،مسقط سمیت دنیا بھر میں کورونا سے اموات کی تعداد 27لاکھ تک پہنچ گئی جبکہ مختلف ملکوں میں متاثرہ افراد کی تعداد12کروڑ24 لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے میکسیکو میں 6726 نئے مریض سامنے آئے ہیں جبکہ بھارت میں 30 طلبا ، ایک ٹیچر متاثر ہونے کے بعد سکول سیل کر دیا گیا،ادھربرازیل میں چینی ویکسین کی تازہ کھیپ کی آمد کے بعد ویکسینیشن پھر شروع کر دی گئی جبکہ اومان نے کرفیو میں3 اپریل تک توسیع کا اعلان کیا ہے ۔

امریکہ میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد3 کروڑتین لاکھ58 ہزار سے زائد ، اموات کی تعداد5 لاکھ52 ہزار4 سو سے تجاوز کرگئی ہے۔ برازیل میں اموات کی تعداد2 لاکھ 87 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے جبکہ مریضوں کی تعدادایک کروڑ17لاکھ87 ہزار تک پہنچ گئی۔

بھارت میں متاثرین کی تعداد ایک کروڑ15لاکھ13 ہزار سے زیادہ ہے، اب تک ایک لاکھ59 ہزار 4 سو سے زائد افراد لقمہ اجل بن گئے ہیں،بھارت کے پالگھر نامی شہر کے جواہر ہیر پاڑہ آشرم سکول میں 30 طلبا سمیت ایک ٹیچر کورونا سے متاثر ہو گئے۔ کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد انتظامیہ نے سکول کو سیل کردیا ہے۔ آشرم سکول میں نویں سے بارہویں جماعت تک کے طلبا و طالبات پڑھ رہے تھے۔ 193 طلبا اور تمام 34 اساتذہ کے کورونا ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے مجموعی طور پر 30 طلبا اور ایک ٹیچر میں کورونا وائرس مثبت آیا۔24 لڑکیوں اور 6 لڑکوں کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے،پالگھر ضلعی انتظامیہ نے 23 مارچ تک تمام سکول کالج بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:  دنیا بھر میں کرونا وائرس کے 2لاکھ 19ہزار متاثر ین ہیں: ڈبلیو ایچ او

میکسیکو میں اموات کی تعداد ایک لاکھ96 ہزار تک پہنچ گئی جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 6726 نئے مریضوں کا اندراج کیا گیا ہے۔ اس دوران 698 افراد لقمہ اجل بن گئے۔ فلپائن میں گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران کورونا کے 7 ہزار103نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد6لاکھ48 ہزار66سے تجاوز کر گئی۔ فلپائن کی وزارت صحت کے حکام بتایا کہ ملک بھرمیں13نئی ہلاکتوں کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد12ہزار900ہوگئی ہے۔چینی کورونا ویکسینوں کی گزشتہ چند روز سے متعدد ممالک میں آمد کا سلسلہ جاری ہے۔چینی ریڈیو کے مطابق اس وقت 60 سے زائد ممالک نے چینی کوروناویکسین کے استعمال کی اجازت دی ہے ، اور چینی ویکسین کی حفاظت اور تاثیر کو بہت زیادہ تسلیم کیا گیا ہے۔ متعدد ممالک کے سربراہان مملکت اور حکومتی رہنماؤں نے چین کی ویکسین لگوائی ہے اور انہوں نے چین کی ویکسینوں پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:  کرونا وائرس:سختیوں کے باوجودجدید دنیا کے لوگ ذمہ داری کا مظاہرہ نہیں کر رہے

برازیل کے ریو ڈی جنیرو میں چینی ویکسین کی تازہ ترین کھیپ کی آمد کے ساتھ ہی ، شہر کی ویکسینیشن کا کام ،جو 12 دن سے معطل تھا دوبارہ شروع کردیا گیا ہے ۔ اومان نے کورونا پھیلاو کو روکنے کے لئے کرفیو میں3 اپریل تک توسیع کا اعلان کر دیا ہے ۔ اومانی ذرائع ابلاغ کے مطابق سلطنت عمان میں لاک ڈاون کے دوران رات 8 بجے سے صبح 5 بجے تک ہر طرح کی تجارتی سرگرمیاں معطل رہیں گی۔اومان میں ہسپتالوں، فارمیسیز اور پٹرول پمپس کو لاک ڈاون کی پابندیوں سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے، کرفیو کے دوران ہوم ڈلیوری سروس بھی معطل رہے گی۔