faryal talpu

سندھ میں کتا مار مہم کی نگرانی نہ کرنے والے ایم پی ایز کی رکنیت معطل

EjazNews

سندھ میں کتے کے کاٹنے کے واقعات میں اضافہ اور اینٹی ریبیز ویکسینیشن کی عدم فراہمی کا موضوع خاصے عرصے سے عدالتوں اور میڈیا رپورٹس میں زیر بحث ہے۔ گزشتہ برس لاڑکانہ کے نواحی گاؤں میں 10 سالہ بچے کو کتے نے کاٹا تھا جس کا ویکسین نہ ملنے کی وجہ سے انتقال ہو گیا تھا۔

لاڑکانہ میں اینٹی ریبیز ویکسینیشن سینٹر کے انچارج کے مطابق جیکب آباد، شکار پور اور دیگر اضلاع میں کتے کے کاٹے کی ویکسین کی شدید قلت ہے، ایسے میں تمام اضلاع سے مریض لاڑکانہ آتے ہیں جس کی وجہ سے اب لاڑکانہ میں بھی ویکسین کی قلت پیدا ہو گئی ہے۔

dogs
سندھ بھر میں ایسے کیسز کی تعداد 70 ہزار کے لگ بھگ ہے

سندھ کے ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق 2020 کے پہلے 6ماہ میں صرف لاڑکانہ ڈویژن میں آوارہ کتے کے کاٹنے کے 22 ہزار سے زائد واقعات رپورٹ ہوئے۔ صوبے بھر میں ایسے کیسز کی تعداد 70 ہزار کے لگ بھگ ہے، جبکہ 12 اموات رپورٹ ہو چکی ہیں، جن میں سے چھ اموات کراچی کے ہسپتالوں میں ہوئیں۔

یہ بھی پڑھیں:  پاکستانی وویمن ٹیم نے بنگلہ دیش سے ٹی ٹونٹی سیریز جیت لی

سندھ ہائی کورٹ کے سکھر بینچ نے سگ گزیدگی کے بڑھتے ہوئے واقعات کے تدارک سے متعلق ایک کیس کی سماعت کے دوران سندھ اسمبلی کے ان ممبران کی رکنیت معطل کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں جن کے حلقے میں کتے کے کاٹنے کے واقعات نہیں تھم رہے۔
ان ایم پی ایز میں پیپلز پارٹی خواتین ونگ کی سربراہ فریال تالپور بھی شامل ہیں۔

تحریری حکم نامہ جاری کرتے ہوئے سندھ ہائی کورٹ سکھر بینچ نے واضح کیا کہ سندھ اسمبلی کے سیکرٹری سے بھی اس حوالے سے جواب طلبی کی گئی تھی لیکن ان کی جانب سے بھی جواب موصول نہیں ہوا جس کے بعد رتوڈیرو اور جامشورو کے ممبران اسمبلی کی رکنیت معطل کر دی ہے۔

سندھ اسمبلی سے دیگر ممبران کے حوالے سے بھی وضاحت طلب کی گئی ہے کہ وہ اپنے اپنے حلقوں میں کتا مار مہم کی نگرانی کیوں نہیں کر رہے؟۔

جن ارکان کی رکنیت معطل کی گئی ہے ان میں رتوڈیرو سے فریال تالپور اور جامشورو سے ملک اسد سکندر شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:  کیا واقعی ایپلی کیشنز پر پابندیوں سےٹیکنالوجی کا شعبہ تباہ ہو جائے

عدالت نے موقف اپنایا ہے کہ جو ایم پی اے کتا مار مہم کی نگرانی نہیں کرے گا اس کی رکنیت معطل کی جائے گی۔ معطل ارکان اسمبلی کو 31 مارچ کو دن 11 بجے عدالت کے روبرو پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔ اس موقع پر سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اور ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کو بھی طلب کردہ دستاویزات کے ہمراہ عدالت طلب کیا ہے۔

تحریری فیصلہ میں کہا گیاہے کہ کتوں کے کاٹنے کی خبریں آئے روز دیکھنے کو ملتی ہیں۔ منتخب نمائندے اپنی ذمہ داری پر پورا نہیں اتر رہے۔ معطلی کے لیے صوبائی الیکشن کمشنر کو عدالتی فیصلے کی کاپی بھیجی جائے گی۔

عدالت نے تحریری فیصلے میں کہا ہے کہ ایم پی اے رتوڈیرو اور جامشورو کی رکنیت معطل کی جائے اور الیکشن کمیشن دونوں ارکان اسمبلی کی رکنیت معطل کرنے کا حکم جاری کرے۔

علاوہ ازیں، ڈپٹی کمشنر لاڑکانہ اور شکارپور سے کتا مار کارروائیوں کے حوالے رپورٹ طلب کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:  آزاد کشمیر میں دھماکہ خیز مواد پھٹنے سے 5جوان شہید ایک زخمی

پاکستان تحریک انصاف نے سندھ ہائی کورٹ سکھر بینچ کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے وزیر صحت سندھ کی معطلی اور گرفتاری کا بھی مطالبہ کیا ہے۔