Imran_khan_housing

جیسے جیسے حکومت کی آمدنی میں اضافہ ہوگا، ہاؤسنگ پر مزید سرمایہ لگاتے رہیں گے:وزیراعظم

EjazNews

محنت کشوں میں گھر اور فلیٹس الاٹ کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کبھی کسی نے نہیں سوچا تھا کہ محنت کش طبقے کو گھر فراہم کیا جائے گا۔ نیا پاکستان دراصل نئی سوچ کا نام ہے۔ نیا پاکستان کا مطلب معاشرے کو بااختیار بنانا ہے تاکہ زندگی کی دوڑ میں پیچھے رہنے والے طبقے کو اوپر لایا جا سکے۔ محنت کش طبقے کو کبھی کسی حکومت نے اہمیت نہیں دی لیکن ہماری حکومت نے اپنے عمل سے ثابت کردیا کہ ہمیں ان کی فکر ہے۔

imran_khan_qura_andazi
وزیراعظم عمران خان نے قرعہ اندازی میں خود پرچی نکال کر خوش نصیب کا اعلان کیا

وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ 6 گریڈ کے سرکاری ملازمین کے لیے شہر میں چھوٹا سا گھر بنانا بھی ناممکن ہے لیکن واضح کردوں کہ ہم کسی پر احسان نہیں کررہے، یہ محنت کشوں کا حق ہے۔ ہاؤسنگ سکیم میں بڑی رکاوٹ متعلقہ قانون کو عدالت سے کلیئر کرنا تھا جس میں 2 سال لگے۔ اس کی وجہ سے منصوبے میں تاخیر ہوئی لیکن اب اس کی بنیاد پر بینک سے قرضے حاصل کیے جاسکیں گے۔بینکوں نے 380 ارب روپے ہاؤس فنانسنگ کی مد میں مختص کیے ہوئے تھے۔ حکومت کی کوشش ہوگی کہ 5 فیصد سے زیادہ سود نہ جائے اور 20 سال تک اسی شرح پر سود اپنی جگہ رہے گا۔ اگر ملک میں سود کی شرح بڑھ بھی گئی تو لوگوں کو 5 فیصد سے زیادہ سود نہیں دینا پڑے گا۔ اب کرایہ قسطوں میں جائے گا اور مکان محنت کشوں کی ملکیت ہوجائے گا۔ جیسے جیسے حکومت کی آمدنی میں اضافہ ہوگا، ہاؤسنگ پر مزید سرمایہ لگاتے رہیں گے۔

یہ بھی پڑھیں:  سکندر نے خوف سے دنیا جیتی ہے، عمران خان آپ نے محبت سے جیت لی ہے: نجوت سنگھ سدھو

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس سے عالمی معیشت کو نقصان پہنچا اور اگر آج پاکستان کورونا وبا کے انتہائی منفی اثرات سے بچا ہوا ہے تو اس کی وجہ تعمیراتی شعبے کی ترقی ہے۔ تعمیراتی شعبہ تیزی سے ترقی کررہا ہے اور اس سے روزگار پیدا ہورہا ہے۔