imran_khan_newprogramm

مجھے پناہ گاہ دیکھ کر بہت خوشی ہوتی ہے کہ یہ مستحق اور محنت کش کے لیے نعمت ہے:وزیراعظم

EjazNews

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اس پروگرام کا مقصد محنت کشوں کو بہتر کھانا فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مجھے پناہ گاہ دیکھ کر بہت خوشی ہوتی ہے کہ یہ مستحق اور محنت کش کے لیے نعمت ہے۔ ان پناہ گاہوں کے معیار میں مسلسل اضافہ کیا جارہا ہے کہ مجبوری میں کوئی انسان جب یہاں آئے تو اس کے ساتھ اچھا سلوک کیا جائے، انہیں صاف ستھرا ماحول دیں۔ ہم نے دیکھا کہ پناہ گاہ کا معیار آہستہ آہستہ پیچھے چلا گیا تھا اور اب ان کا معیار بہتر ہورہا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ بدقسمتی سے یہ سوچ بن گئی ہے کہ غریب آدمی کو کسی خاص ٹریٹمنٹ کی ضرورت نہیں ہے لیکن ہمیں خیال رکھنا ہے کہ انہیں صاف ستھرا کھانا فراہم کیا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ پروگرام پاکستان کے لیے بہت اہم ہے، بہت سے لوگ ایسے ہیں جو بھوکے سوتے ہیں، کئی دفعہ یومیہ اجرت پر کام کرنے والوں کو کام نہ ملے تو وہ بھوکے سوتے ہیں تو ہم اس پروگرام کے ذریعے ملک کو ایک فلاحی ریاست بنانے جارہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:  حملہ آوروں کو ناکام بنایا جنہوں نے غلط اندازہ لگا کر ہماری خودمختاری کو للکارا تھا:ائیر مارشل مجاہد انور خان

انہوں نے کہا کہ پناہ گاہیں اور کوئی بھوکا نہ سوئے پروگرام ایک فلاحی ریاست کا آغاز ہیں کہ ٹرک بھر کر ان مقامات پر جائیں گے جہاں بھوک زیادہ ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اس پروگرام کا پورا ریکارڈ مرتب کیا جائے گا، اس پروگرام میں مسائل بھی آئیں گے جنہیں ساتھ ساتھ حل کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام اس طرح کی سروس بن جائے گا کہ پورے پاکستان میں ہمارے ٹرکس نظر آئیں گے۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اس پروگرام میں بہت سے مخیر حضرات شرکت کرنا چاہتے ہیں۔

ابتدائی طور پر یہ موبائل ٹرکس اسلام آباد اور راولپنڈی میں چلائے جائیں گے جس کے بعد اس پروگرام کو ملک کے دیگر حصوں تک توسیع دی جائے گی۔

وزیراعظم نے احساس پروگرام کے حکام، ڈاکٹر ثانیہ نشتر اور بیت المال کی ٹیم کو ‘کوئی بھوکا نہ سوئے پروگرام کے آغاز کی مبارکباد دی۔

یہ بھی پڑھیں:  میاں شہباز شریف کی رمضان شوگر مل اور آشیانہ ہائوسنگ میں ضمانت