maryam Nawaz

نواز شریف نے جو وعدے نبھائے، آج اسی کی سزا آپ کا محبوب لیڈر نواز شریف بھگت رہا ہے:مریم نواز

EjazNews

مانسہرہ میں مسلم لیگ (ن) کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا مجھے آج یہ پتا چل گیا کہ ہزارہ نواز شریف کا تھا، نواز شریف کا ہے اور نواز شریف کا ہی رہے گا۔ میں پاکستان میں جس بھی صوبے یا جگہ جاتی ہوں تو مجھے جلسے میں سب سے زیادہ بڑی تعداد میں نوجوان شیر نظر آتے ہیں جبکہ ہمارے بزرگوں کا جذبہ بھی دیکھنے کے قابل ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف اور مریم نواز کا ہزارہ کے ساتھ رشتہ بہت پرانا ہے اور ہزارہ اور مانسہرہ اس بات کی گواہی دے گا کہ ناصرف آپ نے یہ رشتہ نبھایا بلکہ نواز شریف نے بھی اس رشتے کو ہمیشہ نبھایا۔ نواز شریف نے آپ سے وفا نبھائی اور آج پاکستان اور ہزارہ کے عوام سے نواز شریف نے جو وعدے نبھائے، آج اسی کی سزا ناصرف پاکستان بلکہ مسلم لیگ (ن) اور آپ کا محبوب لیڈر نواز شریف بھگت رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے آپ سے کیے گئے وعدے نبھائے اور جس نے پورے پاکستان میں ایک اینٹ نہیں لگائی، جو آپ کے ووٹ چوری کر کے لے گیا، آج وہ نواز شریف کی ہزارہ موٹروے پر بڑی چالاکی سے اپنی تختی لگا کر چلا گیا، تختی لگانے والا سمجھتا ہے کہ عوام نہیں جانتے کہ یہ موٹروے کس نے بنائی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:  شاباش وویمن کرکٹ ٹیم : بنگلہ دیش کو کلین سویپ کر دیا

مریم نواز نے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یہ بھی بتا دو کہ نواز شریف کا پاکستان اچھا تھا یا اس ووٹ چور کا پاکستان اچھا ہے، کیا ڈھائی سال قبل جس نئے پاکستان کا آپ سے وعدہ کیا گیا تھا، کیا وہ آپ کو ملا، کیا ایک کروڑ نوکریوں میں سے ایک بھی نوکری کسی کو ملی، کیا 50 لاکھ گھروں میں سے ایک کمرہ بھی کسی کو ملا، کیا 47 روپے پیٹرول کسی کو ملا؟۔ یہ بات جان لو کہ جب تک یہ جعلی حکومت ہمارے سروں پر سوار ہے یہ ملک نہیں چل سکتا، جب تک یہ جعلی حکومت ہے مہنگائی کم نہیں ہو سکتی، جب تک یہ جعلی حکومت ہے، غریب کا چولہا نہیں جل سکتا، جب تک یہ جعلی حکومت ہے غریب کا گھر نہیں چل سکتا، ہمارے غریب مریضوں کو سستی دوا نہیں مل سکتی، جب تک یہ جعلی حکومت ہمارے سروں پر ہے آٹا چوری نہیں رکے گی، چینی چوری نہیں رکے گی اور جب تک یہ جعلی حکومت ہے آپ کا ووٹ چوری ہوتا رہے گا۔

یہ بھی پڑھیں:  شہباز شریف کو نہیں بلکہ 22 کروڑ عوام کو ہتھکڑی لگی ہے:مریم اورنگ زیب

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر نے کہا کہ پورے پاکستان نے دیکھا کہ گلگت بلتستان کے ایک کونے سے دوسرے کونے تک صرف شیر کی آواز آ رہی تھی اور لوگ نواز شریف کی حمایت میں باہر نکلے اور اسی لیے آج جب گلگت بلتستان انتخابات کا جعلی نتیجہ آیا تو پاکستان میں کوئی اس نتیجے کو ماننے کو تیار ہی نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے نعرے ووٹ کو عزت دو کا یہ اثر ہوا ہے کہ آج دھاندلی کے باوجود گلگت بلتستان میں اس جعلی کو کامیاب نہیں کرایا جا سکا، اب یہ دھاندلی کر کے بھی نہیں جیت سکتا۔ مسلم لیگ (ن) کے اُمیدوار چرانے، الیکشن کو چوری کرنے، ساری ایجنسیز کے نمائندے گلگت بلتستان میں بٹھانے، جوڑ توڑ کرنے کے باوجود آپ کو کتنی سیٹیں ملیں، تمام تر دھاندلی کے باوجود اسے صرف 8 سیٹیں ملیں اور وہ سیٹیں بھی ان کی نہیں ہیں بلکہ مسلم لیگ (ن) کے توڑے ہوئے اُمیدواروں کی مرہون منت ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:  پاکستان کو شروع سے ہی مودی کوبے نقاب کرنا چاہئے تھا:بلاول بھٹو زرداری

مریم نواز نے کہا کہ ہم ان 8 سیٹوں کی مبارکباد عمران خان کو نہیں دیتے بلکہ بھیک میں ملنے والی ان 8 سیٹوں کی مبارکباد بھی ہم سلیکٹرز کو دیتے ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ ہمیشہ سنتے تھے کہ گلگت بلتستان کے الیکشن میں لوگ حکومتِ وقت کے لیے ووٹ کرتے ہیں، پیپلز پارٹی اقتدار میں تھی تو انہیں 14 سیٹیں ملی، مسلم لیگ (ن) اقتدار میں تھی تو انہیں 16 سیٹیں ملیں اور ہمیں حکومت بنانے کے لیے کسی کی بیساکھی کی ضرورت نہیں پڑی لیکن آج تمام تر دھاندلی کے باوجود تم کو صرف 8 سیٹیں ملیں بلکہ سنا ہے کہ ایک اور کم ہو کر 7 نشستیں ہو گئی ہیں۔