T-20

ناردرن کی ساتویں کامیابی ، بلوچستان کو 39رنز سے ہرادیا

EjazNews

نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کے 27ویں میچ میں دفاعی چیمپئن ناردرن نے حیدر علی کے 86رنز کی بدولت بلوچستان کو 39رنز سے ہرا دیا۔ ایونٹ میں ساتوین کامیابی کے ساتھ ناردرن نے 14پوائنٹس حاصل کر کے پوائنٹس ٹیبل پر اپنی پہلی پوزیشن مزید مستحکم کر لی ہے۔

ناردرن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو نوجوان حیدر علی اور علی عمران نے دفاعی چیمپئن کو92رنز کا مضبوط آغاز فراہم کیا، دونوں نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے میدان کے چاروں اطراف دلکش اسٹروک کھیلے۔ حیدر علی نے 50گیندوں پر 5چھکوں اور 8چوکوں کی مدد سے 86رنز بنائے۔ علی عمران 22گیندوں پر 41رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ آل رائونڈر شاداب خان کے27گیندوں پر 4چوکوں کی مدد سے42رنز کی ناقابل شکست اننگز کی بدولت ناردرن نے مقررہ 20اوورز میں 6وکٹوں کے نقصان پر 199رنز بنائے عماد بٹ نے2وکٹیں حاصل کیں۔

راولپنڈی سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں 2سو رنز کے تعاقب میں بلوچستان کی ٹیم مقررہ 20اوورز میں 8وکٹو ں کے نقصان پر 160رنز ہی بنا سکی۔ امام الحق 35 اور اویس ضیاء 34رنز بنا کر نمایاں رہے۔ دونوں نے ٹیم کو 69رنز کا آغاز فراہم کیا تاہم دونوں کھلاڑیوں کے پویلین واپس لوٹتے ہی بلوچستان کا مڈل آرڈر مکمل طور پر فلاپ ہو گیا۔ حارث سہیل28، بسم اللہ خاں صفر ، عبدالواحد 12، عماد بٹ8، اکبر الرحمن15 اور خرم شہزاد 4رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ ناردرن کے شاداب خان اور محمد اسماعیل نے 2-2وکٹیں حاصل کیں۔

یہ بھی پڑھیں:  5اگست کو کھیلے جانے والے ٹیسٹ کیلئے اسکواڈ کا اعلان

میچ میں شاندار 86رنزکھیلنے پر حیدر علی کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ نوجوان بیٹسمین کا کہنا ہے کہ وہ اپنے ہوم گرائونڈ پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ جیتنے پر بہت خوش ہیں، انجری کے بعد ابتدائی طور پر اعتماد بحال کرنے پر کچھ وقت لگا مگر آج کریز پر کچھ وقت گزارنے کے بعد ردھم مل گیا جس کا بھرپور فائدہ اٹھایا