imran_khan_railway

ریلوے کی تاریخ کا سب سے بڑا منصوبہ شروع کرنے جارہے ہیں:وزیراعظم

EjazNews

اسلام آباد میں رشکئی خصوصی اقتصادی زون کی ترقی کے معاہدے کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ یہ پاکستان کے لیے سنگ میل ہے لیکن پختونخوا کے لیے بڑا سنگ میل اس لیے ہے کیونکہ رشکئی کے صنعتی زون سے پختونخوا کے لوگوں کو انڈسٹری لگانے کا موقع ملے گا اور وہاں لوگوں کو نوکریاں بھی ملیں گی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ اقوام متحدہ کے سروے کے مطابق سب سے زیادہ انسانی ترقی اور غربت میں کمی پختونخوا میں ہو رہی ہے لیکن روزگار کے لیے سب سے کم مواقع ہیں جس کی وجہ سے لوگ نوکری کے لیے باہر ممالک جاتے ہیں اور کوئی مشرق وسطیٰ جاتا ہے، کراچی اور دیگر شہروں کا نوکریوں کے لیے رخ کرتے ہیں لیکن اس صوبے میں نوکری کے مواقع نہیں ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ انتہائی ضروری تھا کہ صوبے میں صنعتی زون بنے اور مجھے انتہائی خوشی ہے کہ سی پیک کے تحت جن 4 انڈسٹریل زون کا فیصلہ ہوا تھا اس میں سب سے تیزی سے رشکئی کی انڈسٹریل زون آگے بڑھ رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اب صوبے کے لوگوں کو خیبر پختونخوا میں رہتے ہوئے نوکری کرنے کا موقع ملے گا کیونکہ لوگوں کے لیے اپنے گھر اور بیوی بچوں سے دور رہنا بڑا مشکل ہوتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:  برٹش ائیرویز اگست سے پاکستان کیلئے پروازیں دوبارہ شروع کرے گی

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ افغانستان میں حکومت اور طالبان کے درمیان امن مذاکرات چل رہے ہیں اور یہ بڑی کامیابی ہے جس میں پاکستان کا بہت بڑا ہاتھ ہے، ہم نے ان کو اکٹھے بٹھانے اور وہاں امن کے قیام کے لیے بہت کوشش کی اور اگر وہاں امن آ جاتا ہے تو رشکئی انڈسٹریل زون کے ذریعے وہاں وسط ایشیا تک سب منسلک ہو جائے گا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا ابھی ازبکستان کے نائب صدر آئے ہوئے تھے جن سے بات ہوئی تو انہوں نے بتایا کہ وہ انتہائی سنجیدگی سے مزار شریف سے پشاور تک ریلوے لانے کے منصوبے پر غور کر رہے ہیں اور ادھر ہم ایم ایل 1 شروع کر رہے ہیں جو پاکستان کی ریلوے کی تاریخ کا سب سے بڑا منصوبہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایم ایل 1 بننے کے بعد ٹرین کراچی سے لاہور 8 گھنٹے میں پہنچ جائے گی اور پھر ڈھائی گھنٹے میں پنڈی پہنچے گی، اس سے ریل کا سفر بالکل تبدیل ہو جائے گا اور اسے کافی ہمارے کاروباروں میں بہت فرق آ جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں:  پوری قوم دو نفل ادا کرے کہ ملک کی صورتحال اتنی خراب نہیں ہے:وزیراعظم

وزیر اعظم نے کہا کہ افغانستان کے ذریعے ازبکستان سے پاکستان کو بذریعہ ریلوے ملانے کی جو بات ہو رہی ہے اس سے پورا علاقہ تبدیل ہو جائے گا جبکہ پاکستان کے اسٹریٹیجک محل وقوع کی وجہ سے بھی بھرپور فائدہ ہوا۔ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پختونخوا نے سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں اور رشکئی اقتصادی اون، سی پیک اور ٹرین سے اس علاقے کو سب سے زیادہ فائدہ ہو گا۔