islamabad

ایڈیشنل سیشن جج پر تشدد :اسلام آباد بار کا ہڑتال کرنے کا اعلان

EjazNews

رکن پنجاب اسمبلی عابدہ راجہ کے شوہر کیخلاف درخواست ایڈیشنل سیشن جج نے جمع کرائی ہے۔ درخواست کے متن میں شامل ہے کہ کانسٹی ٹیوشن ایونیو پرگاڑی میں پیٹرول ڈلوارہاتھا،2افراد آئے اور مارنا شروع کیا۔ تشددسے سر،منہ،آنکھوں،ناک، ہونٹ،پاﺅں میں چوٹیں آئیں۔تشددسے لگ رہاتھا کہ وہ میری جان کے درپے تھے۔
مزیدبرآں ایڈیشنل سیشن جج کو طبیعت خراب ہونے پر رات گئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

ایڈیشنل سیشن جج جہانگیراعوان نے اپنی درخواست میں موقف اپنایا ہے کہ ملزمان نے جان سے مارنے کی دھمکی دی، ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے۔
درخواست کے متن میں یہ بھی درج ہے کہ گاڑی میں پیٹرول ڈلوانے کے دوران ایک گاڑی غلط جانب سے آکرسامنے رکی۔ گاڑی سے2 افراد اترے اورمجھے مارنا شروع کر دیا۔ جان بچانے کےلئے میں نے اپنی پستول سے فائرکیا جس پرملزمان بھاگ گئے۔ کچھ لمحے بعد پھر میری طرف لپکے اورمارنے کی کوشش کی۔

یہ بھی پڑھیں:  کرونا وائرس سے اموات میں خوفناک اضافہ

ایڈیشنل سیشن جج کے مطابق بعد میں معلوم ہواملزمان چودھری خرم اورایک ملازم تھے۔ ملزمان نے جان سے مارنےکی بھی دھمکی دی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ایڈیشنل سیشن جج نے پولی کلینک سے میڈیکل کروایا ہے۔ میڈیکل لیگل رپورٹ موصول ہونے پرکارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ پولیس نے ایم پی اے کے شوہر کو رات کو ہی تھانے میں منتقل کردیا تھا۔

دوسری جانب ایڈیشنل سیشن جج پر حملے کےخلاف اسلام آباد بار نے ہڑتال کی کال دے دی ہے۔ بار کونسل کا کہنا ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ بار اور ڈسٹرکٹ بار میں آج ہڑتال ہو گی۔ اسلام آباد بار نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت 24 گھنٹے میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کرے۔