broghil festival

بروغل فیسٹیول کیا ہے؟

EjazNews

5 اور 6 ستمبر کوبروغل نیشنل پارک میں بروغل فیسٹیول کا انعقاد کیا جارہا ہے۔جس میں سیاح مقامی روایتی کھیلوں ،ہارس پولو، یاک پولو، ڈونکی پولو، بزکشی، رسہ کشی، کشتی اور آتش بازی کے علاوہ فٹبال، کرکٹ اور میراتھن ریس کے مقابلوں سے محظوظ ہونگے۔

بروغل خیبرپختونخوا کے ضلع چترال کا انتہائی شمال میں چترال سٹی سے تقریبا 250 کلومیٹر دور واقع واخان کی پٹی پرآخری سرحدی گائوں ہے اور یہی تاریخی واخان کی پٹی پاکستان کو وسطی ایشیائی ریاست تاجکستان سے جدا کرتے ہوئے سرحدی لکیر کا کام کرتی ہے اس لئے بروغل کے لوگوں کے رہن سہن اور طرز زندگی میں وسطی ایشائی رنگ کا حسین امتزاج بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

فیسٹیول میں مقامی روایتی کھانوں کی نمائش اور محفل موسیقی سمیت قدیم واخی ثقافت کو اجاگر کرنے کے لئے متعدد سرگرمیوں کا بھی اہتمام کیا جائے گا جبکہ سیاحوں کی سہولت کے لئے فیسٹویل کے مقام پر ایک ٹینٹ ویلج بھی قائم کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں:  پاکستان اور آسٹریلیا میں پہلا ون ڈے آج کھیلا جائے گا

علاقے کی مخصوص اور منفرد جغرافیائی و علاقائی خدوخال کی وجہ سے بروغل فیسٹیول ایڈونچر ٹوارزم کے شائقین کے لئے انتہائی کشش کا باعث ہے جہاں پر سیاح دیگر سرگرمیوں سے لطف اندوز ہونے کے ساتھ گلیشئیرز، دریاوں، ندی نالوں، جھیلوں، اونچے اونچے پہاڑی سلسلوں، متنوع جنگلی حیات اور قدرت کے دیگر سحر انگیز مناظر کا انتہائی قریب سے نظارہ کر سکتے ہیں۔

امید کرتے ہیں بروغل فیسٹویل کے کامیاب انعقاد کو ممکن بنانے اور وہاں پر سیاحوں کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے تمام ترضروری تیاریاں اور انتظامات بر وقت مکمل کر لیے جائیں گے۔

ایسے فیسٹیولز ہمیں پرانی روایات سے آگاہ کرتے ہیں اور اس طرز زندگی سے بھی جس کا اب شہر کی گہما گہمی میں سوچنا تو درکنار خیال آنا بھی کہیں دور کی بات ہے۔